بجلی بحران سے کئی صنعتیں بند ،ہزاروں افراد بیروزگار ہوگئے،عقیل احمد خان

123

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد عقیل احمد خان نے کہا ہے کہ شدید گرمی نے حیسکو کی کارکردگی کی پول کھول دی،درجنوں ٹرانسفارمر خراب،کئی فیڈرز بند،کم وولٹیج اور بجلی کی طویل بندش سے عوام کا جینا دوبھر ہوگیا۔حیسکو کا کرپٹ عملہ ٹرانسفارمر لگانے کے لیے علاقہ مکینوں سے رشوت طلب کررہا ہے۔ شہر کے بیشتر علاقوں میں کئی روز سے بجلی نہیں ہے، خواتین، بزرگ، بچے اور آفس جانے والے افراد بجلی نہ ہونے کی وجہ سے رات بھر جاگ کر گزارنے پر مجبور ہیں۔نئے تعینات حیسکو چیف کے بھی بلند و بانگ دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ،نئے چیف حیسکو کے بوسیدہ نظام کی درستی میں کوئی کردار ادا نہ کرسکے۔ حیسکو نے بجلی کے ستائے شہریوں کو سڑکوں پرآنے کیلےے مجبورکر دیا ہے۔حکمران جس طرح عوام کو تعلیم، صحت،روزگار اور چھت جیسی ضروریات فراہم کرنے میں ناکام رہے ہیں، اسی طرح بجلی جیسی سہولتیں بھی ناپیدہوچکی ہیں۔حیدرآباد صنعتی شہر ہے جس میں لوڈشیڈنگ کی وجہ سے کئی صنعتی یونٹس بند ہو چکے ہیں اور ہزاروں مزدور بےروزگار ہوئے ہیں۔صارفین پر لوڈشیڈنگ، اووربلنگ اور زاید یونٹس کا عذاب مسلط کیا ہوا ہے وفاقی و صوبائی حکومتیں عوامی مسائل حل کرنے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہیں۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ظلم ناانصافی اور حیسکو مظالم کے خلاف جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔