کشمیرفروش ووٹ کے اہل نہیں عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں،ڈاکٹر خالد محمود

91

گجرات (نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی آزادجموں و کشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ عوام 25 جولائی کو ترازو پر مہر لگا کر مہاجرین کے وسائل لوٹنے والوں کا احتساب کریں۔ ایل اے 38 جموں 5 کے عوام سابق منتخب ارکان سے کارکردگی پوچھیں۔ انہیں عوامی مسائل سے کوئی سروکار نہیں،ذاتی مفادات اور اپنے بینک بیلنس میں اضافے کے سوا ان کی کوئی کارکردگی نہیں ہے۔ 5 سال بعد پارٹیاں بدل بدل کر سبز باغ دکھانے والوں کو عوام مسترد کریں۔ کشمیر فروش ووٹ کے اہل نہیں، جماعت اسلامی تحریک آزادی کشمیر کی حقیقی پشتیبان ہے۔ چہرے نہیں نظام بدلنے کے لیے جدوجہدکررہے ہیں۔ وسائل کا درست استعمال کیا جاتا تو کشمیری مہاجرین کسمپرسی کی زندگی نہ بسر کررہے ہوتے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے جماعت اسلامی کے نامزد امیدوار اسمبلی ایل اے 38 جموں 5 پروفیسر رانا عمر صدیق جرال کی انتخابی مہم کے دوران ٹانڈہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی صوبہ پنجاب شمالی ڈاکٹر طارق سلیم، سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی آزادکشمیر محمدتنویر انور خان، نامزد امیدوار اسمبلی رانا عمر، امیر جماعت اسلامی گجرات ضیا اللہ شا ہ سمیت دیگر قائدین نے خطاب کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہاکہ تحریک آزادی کشمیر مشکل ترین مراحل سے گزررہی ہے۔ بین الاقوامی اسٹیبلشمنٹ کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے تقسیم کشمیر کی سازشوں کا مقابلہ جماعت اسلامی کے باکردار ارکان ہی کرسکتے ہیں۔ ذاتی مفادات کے لیے پارٹیاں بدلنے والے قومی مجرم ہیں۔ وہ کل قومی مفادات کا سودا کرنے سے بھی گریز نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی کا مقابلہ تین حکومتوں سے ہے۔ وفاقی حکومت،پنجاب حکومت اور سندھ حکومت اپنے تمام تر وسائل کے ساتھ آزادکشمیر کو فتح کرنے کے در پہ ہیں لیکن آزادکشمیر میں قومی قائدین بھرت کے مظالم کو اجاگر کرنے اور اسے پیغام دینے کے بجائے گندی سیاست کو فروغ دے رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ماضی کی طرح اگر مینڈیٹ چوری کرنے کی کوشش کی گئی تو جماعت اسلامی اس کی راہ میں دیوار ثابت ہو گی۔