خطہ کشیدگی کا شکار‘ وزیراعظم تفریحی دورے کر رہے ہیں، فیصل کنڈی

76

اسلام آباد (آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ خطے کی صورتحال انتہائی کشیدہ اور تشویشناک ہوچکی ہے مگر سلیکٹڈ وزیراعظم غیر ملکی تفریحی دورے کر رہے ہیں۔ ملک کو جیسا وزیراعظم دیا گیا ہے ویسا ہی وزیر خارجہ ہے، یہ کہنا درست ہوگا کہ آوے کا آوا ہی نالائق ہے۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ عمران خان پہلے اپنے ملک کی تاریخ تو پڑھیں۔ دوسرے ملک کے عوام پر یہ شیخی نہ بھگاریں کہ وہ ان سے زیادہ ان کی تاریخ سے باخبر ہیں۔ سلیکٹڈ وزیراعظم جہاں بھی جاتے ہیں ملک کی بدنامی اور جگ ہنسائی کراتے ہیں اور یہی حالات وزیر خارجہ کے ہیں، وہ جہاں جاتے ہیں خود کو عمران خان کے متبادل کے طور پر پیش کرتے ہیں۔