الیکشن کمیشن اور حکومت کے مابین برف پگھلنے لگی

195

اسلام آباد ( آن لائن) الیکشن کمیشن اور حکومت کے مابین انتخابی اصلاحات کے معاملے پر برف پگھلنے لگی ہے، الیکشن کمیشن نے آنے والے بلدیاتی انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کو تجرباتی بنیادوں پر آزمانے کا فیصلہ کرلیا ہے، سمندر پار پاکستانیوں کے لیے انٹرنیٹ ووٹنگ کی بھی آزمائش کی جائے گی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق الیکشن کمیشن نے آنے والے بلدیاتی انتخابات اور کنٹونمنٹ بورڈز کے انتخابات میں سمندر پار پاکستانیوں کو شامل کرنے کے لیے انٹرنیٹ ووٹنگ اور الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کا تجرباتی بنیادوں پر آزمانے کا فیصلہ کرلیا ہے اور اس سلسلے میں انٹرنیٹ ووٹنگ مشینوں اور الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کی تیاری کے لیے وزارت سائنس وٹیکنالوجی سمیت غیر ملکی فرمز کو اپنی مشینیں بین الاقوامی معیار کے مطابق تیار کرکے کمیشن کے سامنے پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ذرائع کے مطابق چیف الیکشن کمشنر نے آنے والے عام انتخابات سے قبل الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں اور انٹرنیٹ ووٹنگ کے زیادہ سے زیادہ تجربات کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے ۔