عید الاضحی مسلمانوں کو ایثار کا درس دیتی ہے‘ ذکر اللہ مجاہد

262

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ سنتِ ابراہیمی اور جذبہ قربانی امت کے لیے مشعل راہ ہے۔عید الاضحی مسلمانوں کو ایثار و قربانی کا درس دیتی ہے۔سنت ابراہیمی کی پیروی کا تقاضا ہے کہ کائنات کے تمام مسلمان زندگی کے ہر شعبے میں ایثار و قربانی کا مظاہرہ کریں۔ عید الاضحی حضرت ابراہیم علیہ السلام کی اطاعت خداوندی اور حضرت اسماعیل علیہ السلام کی تسلیم و رضا کی یاد گار ہے، جو تاقیامت زندہ رہے گی۔ عید قرباں پر اللہ رب العزت کو جانور کا گوشت نہیں بلکہ انسان کا تقویٰ پہنچتا ہے۔ ہر اخلاص اور اللہ کی خوشنودی کیل یے کی گئی نیکی اور عمل اللہ تعالیٰ کے ہاں اعلیٰ مقام رکھتا ہے۔ اسلام میں خوشی کے جتنے مواقع ہیں،اُن سب کے پس منظر میں کوئی نہ کوئی عظیم پیغام پوشیدہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے الخدمت فاؤنڈیشن لاہور کے زیر اہتمام اجتماعی قربانی کے کیمپوں کا دورہ کرتے ہوئے ذمے داران اور کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔