پریس کلب ٹنڈو محمد خان کے نومنتخب صدر راؤ غلام حسین کی وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے ملاقات

97

ٹنڈو محمد خان (نمائندہ جسارت) پریس کلب ٹنڈو محمد خان کے نومنتخب صدر راؤ غلام حسین نے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے وزیر اعلیٰ ہاؤس میں ملاقات کی۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی کے ایم پی اے عبدالکریم سومرو اور ضلعی جنرل سیکرٹری خرم کریم سومرو بھی موجود تھے۔ ملاقات میں راؤ غلام حسین نے وزیر اعلیٰ سندھ کو ٹنڈو محمد خان اور پریس کلب کے مسائل سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ٹنڈو محمد خان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کروائی۔ انہوں نے پریس کلب ٹنڈو محمد خان کے لیے فوری طور پر پانچ لاکھ روپے کی گرانٹ، صحافی کالونی بنانے کی یقین دہانی اور علیل صحافی غلام حیدر شورو کا علاج سرکاری خرچ پر کروانے کا اعلان کیا جبکہ پریس کلب کے صدر راؤ غلام حسین کی جانب سے پریس کلب آنے کی دعوت دی جو وزیر اعلیٰ سندھ نے قبول کرلی۔