کوٹری ،بارش سے نشیبی علاقے زیر آب ،نظام زندگی متاثر

132

کوٹری (بیورو رپورٹ) مون سون بارشوں نے سہون سمیت اس کے گردونواح میں برساتی پانی نے نشیبی اور شہری علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ شاہراہوں اور گلی کوچوں میں برساتی پانی جمع ہونے سے بلدیاتی اور ٹائون عملہ کی جانب سے ہنگامی بنیادوں پر نکاسی آب کا کام جاری۔ اسسٹنٹ کمشنر سہون کا ٹیم کے ہمراہ نکاسی آب کے کاموں کا جائزہ۔ عملے کی چھٹیاں منسوخ۔ سہون شریف اور گردونواح میں مون سون بارشوں کے پہلے دورانیے میں تیز ہواؤں کے ساتھ طوفانی بارش نے نظام زندگی کو بری طرح متاثر کردیا۔ شدید بارشوں کے باعث نشیبی اور شہری علاقوں کو اپنی لپٹ میں لے لیا۔ بارش کے بعد نشیبی اور شہری علاقوں میں برساتی جمع ہونے پر اسسٹنٹ کمشنر سہون شریف عبدالرحیم قریشی نے فوری ایکشن لیتے ہوئے ایمرجنسی نافذ کرکے تمام عملہ بشمول سینیٹری ورکرز کی چھٹیاں منسوخ کردیں اور ہنگامی بنیادوں پر نکاسی آب کا کام شروع کراتے ہوئے سہون کے مختلف علاقوں کو برساتی پانی سے نکلوادیا۔جبکہ نشیبی علاقوں میں نکاسی آب کا کام جاری ہے۔اس سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر سہون نے نکاسی آب کے کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ مون سون برساتوں کے حوالے سے انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں، بلدیہ ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کرکے ہنگامی بنیادوں پر نکاسی آب کا کام کیا جارہا ہے۔بجلی بند ہونے کی صورت میں متبادل نظام کے طور پر ڈیزل انجن زیر استعمال لائے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حالیہ برسات میں پانی ضرور کھڑا ہوا تھا مگر وہ بھی چند گھنٹوں میں نکال دیا گیا ہے،انہوں نے کہا البتہ نشیبی علاقوں میں پانی نکالنے میں وقت درکار ہے جس پر کام کیا جارہا ہے، جلد ہی ان علاقوں کوبھی صاف کرلیا جائے گا۔