خاتون ٹیچر کو اغوا کرنے والے ملزمان کو گرفتار کیا جائے، انجمن آرائیں

78

پنگریو (نمائندہ جسارت) ٹھری میرواہ میں آرائیں برادری سے تعلق رکھنے والی ٹیچر کنول آرائیں کو اغواء کرنے کی کوشش کرنے والے ملزمان کی عدم گرفتاری اورمقامی ڈی ایس پی کی جانب سے کنول آرائیں کے ورثاء کو دھمکیاں دینے کیخلاف انجمن آرائیاں کی جانب سے پریس کلب پنگریو میں احتجاج کیا گیا۔ میڈیا کے سامنے احتجاج کرتے ہوئے انجمن آرائیاں پنگریو یونٹ کے صدر خالد محمودآرائیں، جنرل سیکرٹری طارق محمود آرائیں، وارث علی آرائیں، محمد عارف آرائیں اور دیگر نے کہاکہ کنول آرائیں کواغواء کرنے کی کوشش کرنے والے شربرادری کے مسلح ملزمان کی عدم گرفتاری اور ڈی ایس پی ٹھری میرواہ فداحسین اعوان کی جانب سے الٹا کنول آرائیں کے ورثاء کو دھمکیاں دینے کے باعث سندھ کے ساتھ ساتھ ملک بھر کی آرائیں برادری میں شدید غم وغصے کی لہر دوڑگئی ہے ٹھری میرواہ اورخیرپورکی انتظامیہ ملزمان کو تحفظ فراہم کررہی ہے انہوں نے کہاکہ آرائیں برادری کی بیٹی کو اغواء کرنے کی مذموم کوشش سے وہاں کی آرائیں برادری عدم تحفظ کا شکار ہے، انتہائی بااثر ملزمان نہ صرف کنول آرائیں کے ورثاء بلکہ آرائیں برادری کے دیگر افراد کو بھی سنگین نتائج کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔ رہنمائوں نے وزیر اعلیٰ سندھ، آئی جی، ڈی آئی جی سکھر اور دیگر حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ کنول آرائیں کے اغواء کی کوشش اور دھمکیاں دینے والے ملزمان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے بصورت دیگرآرائیں برادری ملک بھر میں احتجاج کرے گی۔