سکھر، پنو عاقل سے اسپتال کا ڈسپنسر اغوا، موٹر سائیکل برآمد

106

سکھر (نمائندہ جسارت) پنو عاقل سے اسپتال کا ڈسپنسر اغوا، موٹر سائیکل قریبی کھیتوں سے برآمد، علاقہ میں بڑھتی وارداتوں کیخلاف سول سوسائٹی اور شہری سراپا احتجاج بن گئے، 5 روز میں چار افراد اغوا ہوچکے ہیں ، سکھر ضلع کی تحصیل پنوعاقل کے تعلقہ اسپتال کے ڈسپنسر مختیار کلوڑ جو کہ اسپتال سے اپنے گاؤں جارہے تھے کو راستے میں سے نامعلوم افراد نے اغوا کرلیاہے مذکورہ ڈسپنسر کی موٹر سائیکل قریبی کھیتوں سے ملی ہے ، لواحقین نے اس کے اغوا کی رپورٹ پنوعاقل کے بائیجی تھانے پر درج کرادی ہے اور نوجوان کی بازیابی کے کلوڑ برادری کے افراد اور پولیس کی بھاری جمعیت کچے کی طرف روانہ ہوگئی ہے دوسری جانب پنو عاقل میں اغوا کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کے خلاف سول سوسائٹی کے افراد اور شہری سراپا احتجاج بن گئے ہیں اور انہوں نے پنو عاقل کے قرہب قومی شاہراہ پر اغوا کی وارداتوں میں اضافے کے خلاف ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھا کر احتجاجی مظاہرہ کیا اور نعرے بازی کی۔ اس موقع پر مظاہرین نے بتایاکہ 5 روز قبل ڈاکوؤں نے شہر سے گاؤں جانے والے تین دیہاتیوں کو اغوا کرلیا تھا جن کی بازیابی عمل میں نہیں آسکی تھی کہ آج پنوعاقل تعلقہ اسپتال کے ڈسپنسر کو بھی اغوا کرلیا گیا ہے پنوعاقل سے صرف پانچ روز کے دوران چار افراد اغواکیے جا چکے ہیں، پولیس مغویان کی بازیابی کے لیے کوئی کردار ادا کرنے کے بجائے خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ مغویوں کے گھروں میں کہرام برپا ہے علاقے میں بے امنی اور مغویوں کی عدم بازیابی پر شہریوں میں سخت تشویش پائی جاتی ہے اور وہ خوف و ہراس کا شکار ہیں۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ اور آئی جی سندھ سے بڑھتی ہوئی اغوا، چوری، ڈکیتی سمیت دیگر سنگین نوعیت کی وارداتوں کا نوٹس لے کر مغویوں کی جلد از جلد بازیابی کا مطالبہ کیا۔