ٹنڈوالہٰیار، سندھ میں بین الصوبائی سٹہ، جواء، بکی مافیا سرگرم

191

ٹنڈوالہٰیار (نمائندہ جسارت) حکومت سندھ سمیت متعلقہ محکموں کی مجرمانہ خاموشی سندھ بھر میں بین الصوبائی حوالہ میکر، سٹہ، جواء، بکی مافیا سرگرم، سیکڑوں غریب افراد کے گھر اجڑ گئے، نوجوان خودکشیوں پر مجبور، شہری و سماجی حلقوں میں تشویش کی لہر۔ چیف جسٹس سمیت متعلقہ محکموں کے بالا افسران سے سماجی برائیوں کا نوٹس لے کر ملوث افراد کیخلاف مؤثر کارروائی کا مطالبہ۔ حکومت سندھ سمیت حوالہ، سٹہ بازی، بکی و جواء مافیا کیخلاف سرگرم، متعلقہ محکموں کی مجرمانہ خاموشی اور مسلسل لاپروائی کے باعث سندھ کے چھوٹے بڑے شہروں میں بین الصوبائی، حوالہ، سٹہ، جواء مافیا بلاخوف و خطر اپنے گھنائونے کاروبار کو فروغ دینے میں مصروف عمل دکھائی دے رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق سندھ میں سٹہ بازی، جواء، حوالہ سمیت کرکٹ میچ بک کرنے کا سب سے بڑا گروپ سندھ کے تمام دیہی و شہری علاقوں میں چھوٹے پیمانے کے بکیوں، حوالہ میکر، سٹہ بازوں کیساتھ ملکر صوبائی سطح پر بہت بڑا نیٹ ورک چلا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق ملوث گروہ کو سندھ حکومت میں شامل وزراء سمیت سیاسی و پولیس افسران کا بھی مکمل آشیرباد حاصل ہے۔ سیاسی اثر و سوخ کی وجہ سے سٹہ و جواء کے کاروبار میں سرگرم ملوث افراد کیخلاف کسی قسم کی قانونی کارروائی عمل میں نہیں لائی جاتی اور باقاعدگی سے سرپرستی کرنے والے افسران کو بھتا دیا جاتا ہے۔ سٹہ بازی و کرکٹ جواء کی وجہ سے سندھ کے درجنوں گھروں کے چراغ تک گل ہوچکے ہیں۔ ٹنڈوالہٰیار کی سماجی تنظیم کے رہنما سماجی نمائندگان نے سندھ کے چھوٹے بڑے شہروں میں کھلے عام سٹہ، کرکٹ جواء سمیت حوالہ کے کاروبار پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس کے سدباب کا مطالبہ کیا ہے۔