جیکب آباد، بارڈر فورس کے اہلکار حقوق سے محروم

143

جیکب آباد (نمائندہ جسارت) بارڈر فورس کے اہلکار آئی جی سندھ کے احکامات کے باوجود حقوق سے محروم، اہلکاروں میں بے چینی کی لہر ۔ پندرہ سال قبل بارڈر فورس پولیس میں بھرتی ہونے والے سیکڑوں اہلکار جو تاحال اپنے حقوق سے محروم ہیں چند ماہ قبل آئی جی سندھ کی جانب سے ایک لیٹر کے ذریعے بارڈر فورس پولیس میں بھرتی ہونے والے اہلکاروں کو ڈسٹرکٹ پولیس میں ضم کیا گیا تھا مگر اس کے باوجود اہلکاروں کو ڈسٹرکٹ پولیس کی طرح سہولیات نہیں دی جارہیں۔ سندھ کے مختلف اضلاع سے بھرتی ہونے والے اہلکار پندرہ سال سے ضلع جیکب آباد اور کشمور ایٹ کندھکوٹ میں ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں جبکہ اہلکاروں کی خواہش کے باوجود ان کو اپنے ہوم ڈسٹرکٹ میں تبادلہ کروانے کے اختیارات نہیں دیے جا رہے جبکہ ڈسٹرکٹ پولیس میں بھرتی ہونے والے اہلکاروں کو یہ اختیارات حاصل ہیں کہ وہ سندھ کے کسی بھی ضلع میں تبادلہ کروا سکتے ہیں تو بارڈر فورس کے اہلکار ڈسٹرکٹ پولیس میں ضم ہونے کے باوجود اس سہولت سے محروم ہیں اس طرح ان اہلکاروں میں شدید بے چینی پھیلی ہوئی ہے۔اس سلسلے میں متاثرین کا کہنا ہے کہ اعلی حکام مسائل کے حل کے لیے فوری نوٹس لیں۔