کشمیرمیں ن لیگ کو روکا گیا تو بہت برا ہوگا،مریم نواز

310

اسلام گڑھ (صباح نیوز) مسلم لیگ (ن)کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ گھات لگائے ووٹ چوروں کوتنبیہ کرتی ہوں اگر ن لیگ کو روکنے کی کوشش کی تو یاد رکھنا تمہارے ساتھ برا ہوگا، یہ 2018ہے نہ پہلے والی ن لیگ، اب ووٹ چوری ہوا تو کشمیری آپ کو نہیں چھوڑیں گے، ن لیگ نے تمام مخالف جماعتوں کی دوڑیں لگوا دیں۔اسلام گڑھ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر نے الیکشن سے پہلے ن لیگ کے حق میں فیصلہ سنادیا، ہمارا منتخب نمائندہ الیکشن جیت چکا ہے، یہ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ یہاں اتنی گرمی ہے کہ اتنی گرمی کے جلسے کر کے میرا گلہ خراب ہوگیا ہے اور 40 ڈگری درجہ حرارت میں آپ لوگ میری خاطر کھڑے ہیں۔مریم نواز نے کہا کہ مخالفین کو آزاد کشمیر میں ن لیگ کی الیکشن مہم نظر آرہی ہے، ہماری جماعت نے باقی تمام جماعتوں کی دوڑیں لگوادی ہیں، تحریک انصاف کا استقبال گندے انڈوں اور جوتوں سے ہوتا ہے، مسلم لیگ (ن )2018 والی نہیں رہی، یہ ووٹ چوروں کو پکڑنے والی جماعت ہے اور جس نے دھند میںسے ووٹ ڈھونڈ لیے تھے، ڈسکہ میں ن لیگ نے دھند میں بھی چوری شدہ الیکشن جیت لیا، یہ 2018نہیں ہے جس میں آپ نے آرٹی ایس رکوادیا تھا، ووٹ چورو اگر تم نے دھاندلی کی یا ہمارا کشمیر سے جیتا ہوا الیکشن چوری کیا تو کشمیری تمہیں نہیں چھوڑیں گے، اس بار الیکشن چور ی کرنے کی ہمت بھی نہ کرنا، گھات لگائے ووٹ چوروں کوتنبیہ کرتی ہوں اگر ن لیگ کو روکنے کی کوشش کی تو یاد رکھنا تمہارے ساتھ برا ہوگا۔مریم نواز نے کہاکہ آج سنا ہے کہ عمران خان کشمیر تشریف لا رہے ہیں اور انہوں نے باغ سے اپنی الیکشن مہم کا آغاز کیا کیونکہ وہاں اے ٹی ایم مشین ہے، انہوں نے ایک نئی اے ٹی ایم ڈھونڈ لی ہے، عمران خان وہاں جاتے ہیں جہاں پیسہ ہوتا ہے، میری کشمیری عوام سے درخواست ہے کہ ان کا استقبال انڈوں اور ٹماٹروں سے نہ کریں بلکہ گو گو عمران گو سے کریں اور عمران خان کو ہار پہننانا جس پر آٹا چوری میں نمبر ون اور دوائی چور لکھا ہو، جبکہ عمران خان کو ایک تاج پہنانا جس پر کشمیر فروش لکھا ہو۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ عمران خان کشمیر کا مقدمہ ہار کر کہتے ہیں کہ 2منٹ خاموشی اختیارکریں اور پھر خاموشی اختیار کرنے کا کہہ کر مکمل خاموش ہوگئے۔