تمام دھڑوں کے مل بیٹھنے تک افغانستان میں امن نہیں ہوگا،فواد چوہدری

173

اسلام آباد(اے پی پی)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فوادچودھری نے کہا ہے کہ افغانستان میں اس وقت تک امن قائم نہیں ہو سکتا جب تک تمام دھڑے آپس میں نہ مل بیٹھیں‘ افغانستان میں امن ہوگا تو پورے خطے کی معیشت تبدیل ہوگی‘ پاکستان افغانستان کے اندر مداخلت نہیں امن کے لیے کردار ادا کر رہا ہے، افغانستان میں کچھ عناصر دہلی سے تعلقات چاہتے ہیں، افغانستان کی سرحد دہلی سے نہیں پاکستان سے ملتی ہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ سوویت یونین نے جب کابل پر حملہ کیا، ہم سے پوچھ کر نہیں کیا لیکن بعد میں سوویت یونین کابل سے واپس چلاگیااور سارا ملبہ پاکستان پر ڈال دیا گیا‘ اس کے بعد اسامہ بن لادن کا معاملہ ہوا اس کا ملبہ بھی پاکستان پر ڈال دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے افغانستان کے عوام کو اپنا بھائی سمجھا، 50 لاکھ سے زاید افغان مہاجرین کو ہم نے سنبھالا، افغان مہاجرین کے بچوں نے پاکستان میں تعلیم حاصل کی اور انجینئر، ڈاکٹر اور کھلاڑی بنے‘ افغانستان کی کرکٹ ٹیم پاکستان نے بنائی۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کے رہنمائو ں سے اپیل ہے کہ وہ اپنی ذات سے آگے کا سوچیں، انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امن ہوگا تو پورے خطے کی معیشت تبدیل ہو گی، ازبکستان سے براستہ کابل ٹرین سروس شروع کر رہے ہیں، کراچی سے افغانستان تک ٹرک سسٹم بنانا چاہتے ہیں لیکن اس کے لیے امن چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کے عوام کا دین، سوچ اور ثقافت پاکستان سے ملتی ہے، دہلی سے نہیں‘ بھارت افغانستان میں اپنا دہشت گرد نیٹ ورک رکھنا چاہتا ہے‘ اگر افغانستان میں امن آتا ہے تو بھارت کا دہشت گرد نیٹ ورک ختم ہو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے اندر کشمیر کو صوبہ بنانے کی کوئی سوچ موجود نہیں، مریم نواز مودی کی زبان بول رہی ہیں‘کشمیریوں کو حق حاصل ہے کہ وہ اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کریں‘مولانا فضل الرحمن مدرسے کے بچوں پر سیاست کرتے ہیں ۔