کورونا سے مزید 39 اموات،پخونخوامیں بھارتی و برطانوی اقسام کے کیسز

120

اسلام آباد/ کراچی/ پشاور (اسٹاف رپورٹر/ خبر ایجنسیاں/ مانیٹرنگ ڈیسک) ملک بھر میں کورونا وائرس سے 24 گھنٹے کے دوران مزید 39 افراد جاں بحق ہوگئے‘خیبر پختونخوا میں بھارتی اور برطانوی کورونا اقسام کے مزید 21 کیس سامنے آگئے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق ملک میں کورونا کی تشخیص کے لیے 49 ہزار 247 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 2783 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔ اب تک مثبت کیسز کی تعداد 986,668 ہوگئی ہے جن میں سے 918,329 مریض شفایاب ہو چکے ہیں۔ اب تک اس وبا سے جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 22 ہزار 760 ہوگئی ہے۔ جدہ سے جناح انٹرنیشنل ائرپورٹ کراچی پر آنے والے12 مسافروں میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوگئی۔ محکمہ داخلہ سندھ نے کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے اور این سی اوسی فیصلوں پر عملدرآمد کرتے ہوئے عید تعطیلات کے لیے نئی ایس اوپیز جاری کردیں۔ ایک سرکاری حکم نامے میں ٹرینوں میں سفر کے لیے کورونا ویکسی نیشن لازمی قراردی گئی ہے اور ویکسین کے بغیر ٹرین بس میں سفر کرنا ممنوع ہوگا۔ محکمہ داخلہ سندھ کا کہنا ہے کہ مویشی منڈی، ہوٹلز، ریسٹورنٹس اور مسافر بسوں میں بھی داخلہ کورونا ویکسین سے مشروط ہوگا۔ یہ فیصلہ عید الاضحی پر شہریوں کی نقل وحمل اور کورونا کے پھیلائو کے خدشات پر کیا گیا۔ شادی ہالز میں آئوٹ ڈور تقریبات میں شرکت کے لیے بھی کورونا ویکسین لازمی ہوگی جبکہ مویشی منڈیوں میں جانے والوں کو بھی کورونا ویکسین کارڈ دکھانا ہوگا۔ پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن نے ملک میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ این سی او سی (نیشنل کمانڈ آپریشن سینٹر)کے مطابق اس وقت ملک میں مثبت کیسز کی شرح 6فیصد تک پہنچ گئی ہے ۔ پی ایم اے نے پہلے ہی آگاہ کیا تھا کہ اگر ایس او پیز پر عمل درآمد نہ کیا گیا تو کورونا کیسز کی تعداد بڑھ جائے گی ہمیں افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ اس غفلت کے باعث صورتحال ابتر ہو رہی ہے ۔ کراچی میں اس وقت مثبت کیسز کی شرح 20فیصد تک جا پہنچی ہے‘ سب سے خطرناک بات ملک میں کورونا وائرس کی ڈیلٹا قسم کی موجودگی ہے ‘شروع میں اس کی علامات معمولی نوعیت کی ہوتی ہیں جن میں گلے کی خراش، جسم درد، ہلکا بخار اور فلو جیسی علامات شامل ہیں لیکن پھر اچانک مریض کو سانس کی دشواری شروع ہو جاتی ہے اور مریض کی حالت بگڑ جاتی ہے‘ہمیں ڈر ہے کہ وائرس کی یہ خطرناک قسم ملک بھر میں نہ پھیل جائے کیونکہ کراچی اور لاہور سے لوگ عید منانے کے لیے دوسرے شہروں اور صوبوں میں جاتے ہیں لہٰذا ہم حکومت سے التجا کرتے ہیں کہ ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے۔ خیبرپختونخوا میں بھارتی ڈیلٹا کورونا وائرس کے مزید 16جبکہ برطانوی کورونا وائرس کے 5 کیسز سامنے آئے ہیں۔ صوبائی محکمہ صحت کے ذرائع کے مطابق کورونا وائرس کا شکار50 مریضوں کے نمونے تشخیص کے لیے اسلام آباد بھیجے گئے تھے، جن میں سے 16 افراد کے نمونوں میں بھارتی ڈیلٹا جبکہ5 میں برطانوی کورونا کی نشاندہی ہوئی ہے۔ کوویکس کے تحت ایسٹرازنیکا ویکسین کی ایک اورکھیپ پاکستان پہنچ گئی۔ترجمان وزارت صحت ساجد شاہ کے مطابق کوویکس کے تحت ایسٹرازنیکا ویکسین کی 12 لاکھ 36 ہزار خوراکیں اسلام آباد بطورامداد پہنچی ہیں۔