سیکرٹریز کمیٹی کی نیب معاملے پروزیر خزانہ کے موقف کی تائید

81

اسلام آباد (آن لائن) نیب اور بیورو کریسی کے اختلافات کے معاملہ پر سیکرٹریز کمیٹی نے وزیر خزانہ شوکت ترین کے مؤقف کی حمایت کردی ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اعلیٰ اور سینئربیوروکریٹس نے سرکاری افسران کے خلاف نیب کے اقدامات کو ناقابل قبول اور ناقابل برداشت قرار دے دیا ہے جبکہ سیکرٹریز کمیٹی نیب کے خلاف ایک خط بھی وزیر اعظم عمران خان اور دیگر اہم شخصیات کو لکھ چکی ہے جس میں سرکاری افسران کے خلاف ہونے والی کارروائیوں کا بھی حوالہ دیا گیا ہے۔ذرائع سیکرٹریز کمیٹی کا کہنا ہے کہ بغیر شواہد اور ٹرائل کی ابتدا میں ہی اعلیٰ سرکاری افسران کو بلا کر توہین کی جاتی ہے،ٹرائل شروع ہونے سے قبل سرکاری افسران کو گرفتار کرلیا جاتا ہے۔ نیب کے اقدامات ہمارے خلاف اختیارات کا ناجائز استعمال ہے حکومت کا نیب قانون تبدیل کرنا خوش آئند ہے،نیب اقدامات کی وجہ سے بیوروکریسی فیصلوں کی ذمے داری قبول کرنے کو تیار نہیں۔ سیکرٹریز کمیٹی کے اجلاس کی صدارت سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ نے کی تھی جس میںبڑی تعداد میں وفاقی سیکرٹریز نے بھی شرکت کی اجلاس کی سفارشات وزیر خزانہ شوکت ترین اور دیگر اہم شخصیات کو بھجوا دی گئیں۔