صاف پانی ریفرنس‘شریف فیملی کی عدم پیشی پر جائداد قرقی کی کارروائی

86

لاہور(نمائندہ جسارت) لاہور کی احتساب عدالت نے ن لیگی صدر و سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی صاحبزادی رابعہ عمران اور داماد عمران علی یوسف کی مسلسل عدم حاضری پر اشتہاری قرار دینے کے بعد دونوں ملزمان کو گرفتار کرنے کے عدالتی احکامات کی تعمیل اورملزمان کے اثاثہ جات کی تفصیلات طلب کرلیں۔عدالت نے صاف پانی ریفرنس پر کارروائی21 اگست تک ملتوی کردی۔ جج اسد علی نے شریف فیملی اورلیگی رہنما قمر اسلام سمیت 20 ملزمان کے خلاف کیس کی سماعت کی۔عدالت نے نیب تفتیشی افسر کو حکم دیا کہ ملزمان رابعہ عمران اور عمران علی کی جلد گرفتاری کو یقینی بنایا جائے۔ مقدمے میں رابعہ عمران اور عمران علی یوسف پر کروڑوں روپے کی کرپشن کا الزام ہے۔ عمران علی یوسف نے زیر تعمیر پلازہ صاف پانی کمپنی کو کرایے پر دے کر2کروڑ سے زیادہ وصول کیے ،دیگر ملزمان پر مالی بدعنوانیوں اور کروڑوں روپے کے فراڈ کا الزام ہے جس سے خزانے کو بھاری نقصان پہنچا۔