پہلا ٹی ٹوئنٹی، پاکستان نے انگلینڈ کو 31 رنز سے شکست دے دی

150

ٹاٹنگھم (جسارت نیوز)پاکستان نے انگلینڈ کو پہلے ٹی 20 میچ میں 31 رنز سے شکست دیکر 3 میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی۔ ناٹنگھم میں کھیلے جارہے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں انگلش ٹیم کے کپتان نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جس پر قومی ٹیم کے بلے بازوں نے بہترین بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 232 رنز بنائے۔ خیال رہے کہ یہ قومی ٹیم کا اب تک ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں کسی بھی ٹیم کے خلاف سب سے بڑا اسکور ہے، اس سے قبل قومی ٹیم کا سب سے بڑا اسکور 205 رنز تھا۔جواب میں انگلینڈ کی ٹیم آخری اوور کی دوسری گیند پر 201 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ انگلینڈ کی جانب سے لیام لیونگسٹن نے 9 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے شاندار سنچری اسکور کی مگر وہ اپنی ٹیم کو فتح نہ دلوا سکے۔پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی اور شاداب خان نے 3،3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ عماد وسیم ، محمد حسنین اور حارث رؤف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔کپتان بابر اعظم نے شاندار بلے بازی کی اور49 گیندوں پر 85 رنز کی اننگز کھیلی، ان کی اننگز میں 3 چھکے اور 8 چوکے شامل تھے۔ محمد رضوان نے بھی ان کا خوب ساتھ دیا اور انہوں نے 41 گیندوں پر 63 رنز اسکور کیے۔ان کے علاوہ فخرزمان نے 26 ، محمد حفیظ نے24 اور صہیب مقصود نے 19 رنز بنائے۔