سائبر کرائم بڑھ رہا ہے ، کوشش ہے معاشی سرگرمیاں نہ رکیں ، ڈی جی ایف آئی اے

162

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ڈائریکٹر جنرل فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) ڈاکٹر ثناء اللہ عباسی نے کے سی سی آئی کی تجویز پر تاجر برادری کو جاری کیے جانے والے نوسز اور کیسز کی سماعت کے لیے آن لائن سہولت فراہم کرنے کے امکانات پر غور کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے تاکہ انہیں اپنے مؤقف کی وضاحت کے لیے ایف آئی اے کے سرکلز میں طلب کیے جانے کے حوالے سے دور دراز کا سفر کرنے کی دشواری سے بچایا جاسکے۔ تاجر برادری کو درپیش مشکلات کو کم کرنے کے لیے پاکستان بھر میں دور دراز سرکلز سے موصول ہونے والے نوٹسز سے نمٹنے کے لیے آن لائن سماعت کا نظام قائم کیا جاسکتا ہے۔یہ بات انہوں نے ایک آن لائن اجلاس میں تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہی جس میں بی ایم جی کے جنرل سکرٹری اے کیو خلیل، صدر کے سی سی آئی شارق وہرہ، کے سی سی آئی کی لاء اینڈ آرڈر سب کمیٹی کے چیئرمین جنید الرحمن، سابق صدور کے سی سی آئی مجید عزیز، افتخار وہرہ، ڈائریکٹر ایف آئی اے سائوتھ عامر فاروقی، کے سی سی آئی کی منیجنگ کمیٹی کے ممبران اور ایف آئی اے حکام نے بھی شرکت کی۔ڈاکٹر ثناء اللہ عباسی نے کہا کہ ایف آئی اے کا یہ مقصد ہے کہ تاجر برادری کی بھر پور خدمت اور سہولتیں فراہم کرے اور تاجر برادری کی تجاویز پر خصوصی توجہ دینے کے علاوہ مسائل کا زیادہ سے زیادہ حل فراہم کرے کیونکہ وہ معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے حوالے سے ملک میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کراچی چیمبر کی طرف سے بیان کی گئی شکایات دور کرنے کے لیے ڈائریکٹر ایف آئی اے ساؤتھ عامر فاروقی کو فوکل پرسن نامزد کیا جس سے دونوں اداروں کے مابین رابطے میں مزید بہتری آئے گی۔ڈی جی ایف آئی اے نے جنرل سکرٹری بی ایم جی اے کیو خلیل کی تجاویز کا حوالہ دیتے ہوئے یقین دلایا کہ ایف آئی اے ٹیم سے مشاورت کے بعد ان تجاویز کو یقینی طور پر پالیسی میں شامل کیا جائے گا تاکہ ویزا آن آرائیول کی سہولت کو بہتر بنایا جاسکے۔ اجلاس کے شرکاء کو ڈیجیٹل بینکنگ اور سائبر کرائم کیسز سے فوری طور پر نمٹنے کے لیے اٹھائے گئے متعدد اقدامات کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایسے معاملات نمٹاتے ہوئے کاروبار دوست رویے کو یقینی بنانا ان کی ہمیشہ اولین ترجیح رہی ہے تاکہ معاشی سرگرمیاں نہ رکیں۔ سائبر کرائم بڑھ رہا ہے اور ہمیں بہت ساری شکایات موصول ہو رہی ہیں لہٰذا ہم جلد از جلد اس طرح کی شکایت کو حل کرنے کی پوری کوشش کرر ہے ہیں۔