علاقائی تجارت پر توجہ دینے کی ضرورت ہے،مشیر تجارت

184

سیالکوٹ (اے پی پی)وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت و سرمایہ کاری عبدالرزاق دائود نے کہا ہے کہ ہمیں علاقائی تجارت پر توجہ دینے کی ضرورت ہے،وسط ایشائی ممالک کے ساتھ ہماری تجارت بہت کم ہے۔پاکستان درست سمت کی جانب گامزن ہے۔وزیر اعظم کا دورہ ازبکستان بہت کامیاب رہا۔ ازبکستان کے ساتھ 71 مختلف معاہدوں پر دستخط ہوئے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیالکوٹ کے دورے کے موقع پر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں برآمد کنندگان اور تاجروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ اکتوبر میں حکومت کی جانب تاشقند میں سنگل کنٹری ایگزیبشن منعقد کروائی جائے گی ۔ انہوں نے سیالکوٹ کے برآمد کنندگان سے درخواست کی کہ وہ بین الاقوامی سطح منعقد نمائشوں میں شرکت کریں اور اپنی مصنوعات دنیا کے سامنے رکھیں ۔انہوں نے کہا کہ ازبکستان کے سی آئی ایس ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں۔جس سے ہمارے تاجر فائدہ حاصل کر سکتے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ ازبکستان کے ساتھ ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدہ پر دستخط ہوچکے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ 42فی صد را مٹیریل کو ڈیوٹی فری کر دیا گیا ہے۔