مئی تک کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ ایک ارب ڈالر سے بڑھ گیا ،میاں زاہد حسین

107

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولز فورم وآل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدرمیاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ اقتصادی ترقی کے مقابلہ میں معیشت کودرپیش چیلنجز میں اضافہ کی رفتار تیز ہے جس پرکاروباری برادری کو تشویش ہے۔ بڑی صنعتوں نے کچھ عرصہ تک بہتر کارکردگی دکھائی مگراب دوبارہ ان میں کمزوری کے آثار نمایاں ہورہے ہیں۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق جنوری کے مقابلہ میں مئی تک ایل ایس ایم میں بیس فیصد کمی آ چکی ہے جبکہ بڑی صنعتوں کے اپنے اعداد و شمار کے مطابق یہ کمی 33 فیصد ہے۔ میاں زاہد حسین نے کہا کہ اگرآٹو سیکٹر کو دی جانے والی مراعات نے کام کیا تو بڑی صنعتوں کے مجموعی اعدادوشمار کچھ عرصہ تک بہتر رہیں گے کیونکہ ایل ایس ایم میں آٹوسیکٹر کا حصہ خاطر خواہ ہے۔ 2019میں کرنٹ اکاؤنٹ کا خسارہ 8.56 ارب ڈالرتھا جو2020 میں 245 ملین ڈالر سرپلس ہوگیا مگر 2021 کے پہلے تین ماہ میں یہ خسارہ 274 ملین ڈالر، اپریل میں 188 ملین ڈالراورمئی میں 632 ملین ڈالر ہو گیا یعنی امسال مئی تک کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ ایک ارب ڈالر سے بڑھ گیا ہے۔