حب ڈیم بھرگیا شہری پھر بھی پانی کیلیے پریشان ہیں، خواجہ اظہارالحسن

119

کراچی (اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی رابطہ کمیٹی کے رکن وحق پرست رکن سندھ اسمبلی خواجہ اظہارالحسن نے کہا ہے کہ سندھ کی تعصب پسند جماعت پیپلز پارٹی کی ایم کیو ایم سے دشمنی تو سمجھ آتی ہے لیکن عوام سے دشمنی سمجھ سے باہر ہے،سندھودیش کی حامی حکومت کراچی کی عوام کا معاشی قتل کررہی ہے،شرجیل میمن کہا کرتے تھے حب ڈیم میں پانی نہیں،لیکن آج حب ڈیم بھر گیا ہے لیکن کراچی کے عوام پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں، ایم ڈی واٹر بورڈ منتخب نمائندوں کا فون اٹھانے کو تیار نہیں،کراچی میں باہر سے لاکر پیپلزپارٹی اپنے من پسند غیرمقامی افسروں کو سیاسی بنا پرتعینات کررہی ہے،جن کی کراچی کے مسائل سے واقفیت تو کجا ان کو حل کرنے کے بھی اہل نہیں ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایم کیو ایم کے مرکز پر پریس کانفرنس میں کیا۔خواجہ اظہارالحسن نے کہا کہ 31اگست 2020ء سے بلدیاتی نظام ختم ہوچکا ہے، دس ماہ سے ایڈمنسٹریٹر تعینات ہیں DCکی صورت میں، جن کے بارے میں ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے یہ رپورٹ جمع کروائی ہے کہ یہ جاہل ہیں،انکی گزشتہ دس ماہ اورپچھلے دوہفتے کی کارکردگی دیکھی جائے تو کراچی بارش سے پہلے تباہ ہوچکا ہے۔بارش کے دوران کرنٹ لگنے سے ایک نوجوان کی ہلاکت افسوس ناک ہے۔