متوفی راحیل کے اہلخانہ کا کے الیکٹرک کیخلاف مقدمہ درج کرانے پر غور

64

کراچی (اسٹاف رپورٹر )حسین آباد میں بارش کے باعث کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہونے والے راحیل کے لواحقین نے کے الیکٹرک کے خلاف مقدمہ درج کرانے کا فیصلہ کرلیا متوفی کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ وہ رشتے داروں سے صلاح ومشورے کے بعد مقدمے کا اندراج کرائیں گے، واقعے کی ایک وڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس میں دیکھا گیا کہ 2 موٹرسائیکلیں بارش کے پانی میں پڑی ہیں اور راحیل بھی پانی میں پڑا ہوا ہے، دوسری موٹرسائیکل کے مالک نے بتایا تھا کہ پانی میں کرنٹ تھااس کو بھی ہلکا سے محسوس ہوا تو موٹرسائیکل پھینک کر محفوظ مقام پر پہنچ گیا اور واقعے کی وڈیو بھی بنائی، واضح رہے راحیل کریم آباد کی دکان میں کام کرتا تھا جس کی بیوی کریم آباد کے میٹر نٹی اسپتال میں داخل تھی متوفی اس سے ملنے اسپتال جارہا تھااسی دوران کرنٹ لگنے سے اس کا انتقال ہوگیا جس کے ایک گھنٹے کے بعد اس کے یہاں بیٹے کی ولادت ہوئی۔ دوسری طرف عزیزآباد تھانے کے ایس ایچ او فرخ ہاشمی نے بتایا کہ حادثے کے بعد کے الیکٹرک کی انتظامیہ کو طلب کیا گیا تاہم کے الیکٹرک انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مذکورہ کھمبا کے الیکٹرک کی ملکیت نہیں بلکہ بلدیہ وسطی کی ملکیت ہے اس کی مینٹننس بھی ان کی ہی ذمے داری ہے،ایس ایچ او عزیز آباد نے مزید بتایا کہ ریسکیوادارے کے اہلکاروں اور 15 مددگار کی ٹیم جب جائے وقوع پر پہنچی تھی تو انہیں بھی جائے وقوع پر کرنٹ کے کوئی آثار نہیں ملے تھے ،ایس ایچ اوکا کہنا ہے کہ راحیل کی موت کرنٹ لگنے سے ہوئی ہے یا موٹر سائیکل سے گر کر ہوئی ہے اس بات کی تصدیق اس لیے نہیں ہوسکی کیونکہ متوفی کے اہل خانہ نجی اسپتال عثمان میموریل اسپتال لے کر گئے تھے، انھیں لاش پوسٹ مارٹم کرانے کے لیے عباسی شہید اسپتال لے جانے کا کہا گیا لیکن انھوں نے انکار کردیا جس کی وجہ سے پوسٹ مارٹم ہی نہیں ہوسکااور اس کی وجہ سے وجہ موت بھی معلوم نہیں ہوسکی ۔ ایس ایچ او نے بتایا کہ متوفی کے اہل خانہ کا کہنا تھا کہ وہ رشتے داروں سے صلاح و مشورے کے بعد مقدمہ درج کرانے آئیںگے، انھوں نے کہا کہ یہ ابھی تک معلوم نہیں کہ وہ کے الیکٹرک یا بلدیہ وسطی کس کے خلاف مقدمہ درج کرائیں گے ،تاہم آخری اطلاعات تک متوفی کے اہل خانہ نے پولیس سے کوئی رابطہ نہیں کیا ۔