ایل پی جی کی قیمت بلند ترین سطح پر پہنچ گئی،گھریلو سلنڈر 2050 روپے کا ہوگیا

112

اسلام آباد(صباح نیوز) اوگرا نے 3 روز میں ایل پی جی کی قیمت میں 15 روپے کا اضافہ کرکے قیمت کو تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچا دیا۔ ایل پی جی انڈسٹریز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عرفان کھوکھر کے مطابق اوگرا نے نوٹیفکیشن کے بغیر ایل پی جی کی قیمت میں تیسری بار اضافہ کرکے ہیٹرک مکمل کرلی اور 3 روز میں ایل پی جی کی قیمت میں 15 روپے اضافہ کیا ہے، اس اضافے کے بعد ملک بھر میں ایل پی جی کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔عرفان کھوکھر کے مطابق اوگرا نے جولائی 2021کے لیے ایل پی جی کی قیمت 160 روپے فی کلو مقرر کی تھی، اور اب 3دن میں ایل پی جی کی قیمت میں 3 بار اضافہ کیا گیا ہے، ایل پی جی کی قیمت میں ایک بار پھر 5 روپے فی کلو کا اضافہ کردیا گیا ہے، جس کے بعد ملک بھرمیں ایل پی جی کی قیمت 175 روپے فی کلو ہوگئی ہے، گھریلو سلنڈر میں 50 روپے اور کمرشل سلنڈر میں 200 روپے اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد گھریلو سلنڈر 2050 ، کمرشل سلنڈر 7915 روپے پر پہنچ گیا ہے۔چیئرمین ایل پی جی انڈسٹریز کا کہنا تھا کہ بلاجواز اضافہ کیخلاف ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرزایسوسی ایشن پاکستان نے آج 18جولائی کو لاہور میں کنونشن طلب کر لیاہے، کنونشن میں 31جولائی کو ہونے والی ملک گیر ہڑتال، گوجرانوالہ کی طرف لانگ مارچ کے پروگرام کو حتمی شکل دی جائے گی، کنونشن کے اختتام پر ایک بجے پریس کانفرنس اور ملک بھر میں ایل پی جی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور غیرمعیاری سلنڈروں کے خلاف روڈ مارچ کیا جائے گا۔