سخت کورونا ایس او پیز کے ساتھ مناسک حج کا آغاز

252

جدہ (آن لائن)عازمین حج کے قافلوں کی مکہ مکرمہ آمد کا آغاز ہوگیا ہے اور طواف القدوم کی سنت کی ادائیگی کے موقع پر بیت اللہ میں لبیک اللھم لبیک کی صدائیں گونج اْٹھیں۔سعودی میڈیا کے مطابق کورونا احتیاطوں پر عمل درآمد کرتے ہوئے عازمین حج کے قافلے مکہ پہنچنا شروع ہوگئے ہیں اورمناسک حج کاآغاز ہو گیا ہے اس سلسلے میں مکے سے باہر سے آنے والے عازمین حج نے مسجد الحرام پہنچ کر طواف القدوم کی سنت ادا کی۔وزارت حج و عمرہ کے ترجمان نے بتایا کہ النواریہ، الزایدی، الشرائع اور الہدیٰ مراکز میں حجاج کرام کا استقبال کیا گیا۔ طواف القدوم کی ادائیگی کے لیے مسجد الحرام میں داخل ہونے کے لیے 6 ہزار عازمین پر مشتمل گروپس تشکیل دیے گئے ہیں جو ہر 3 گھنٹے بعد مسجد الحرام میں داخل ہوں گے اور یہ سلسلہ رات گئے تک جاری رہے گا۔حج کے موقع پر ٹریفک کے امور کے انچارج عبدالرحمن الحربی نے بتایا کہ عازمین کو لے جانے والی بسوں میں سینی ٹائزر کا انتظام کیا گیا ہے جبکہ ماسک کا استعمال اور سماجی فاصلے پر عمل درآمد کرایا جائے گا۔واضح رہے کہ یہ احتیاط اور اقدامات کورونا وبا کے باعث کیے جارہے ہیں جس کے باعث اس سال صرف 60 ہزار ویکسین لگوانے والے عازمین ہی کو حج کی اجازت دی گئی ہے تاہم مناسک کی ادائیگی کے لیے گروپس تشکیل دیے جائیں گے جو اپنی اپنی باری پر مناسک ادا کریں گے۔