تمام وزارتوں اور ڈویژنز سے کارکردگی رپورٹ طلب

119

ا سلام آباد(آن لائن ) صدر مملکت عارف علوی نے تمام وزارتوں اور ڈویژنز سے کارکردگی رپورٹ طلب کرلی ہے۔صدارتی حکم نامے کے مطابق تمام وزارتیں اور ڈویژنز عید الاضحی کے بعد ایوان صدر میں اپنی سالانہ کارکردگی رپورٹ پیش کریں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ صدر کی جانب سے تمام وزارتوں کی کارکردگی رپورٹ کا جائزہ لیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق صدر مملکت کے پارلیمنٹ سے مشترکہ خطاب کے لیے وفاقی حکومت سے کارکردگی رپورٹ طلب کی گئی ہے، وفاقی حکومت کی کامیابیوں اور مستقبل کی حکمت عملی کی روشنی میں صدر مملکت کے خطاب کے مندرجات مرتب کیے جائیں گے، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی حکومت کی کارکردگی پر عید کے بعد مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے، صدر مملکت کے خطاب کے ساتھ ہی پاکستان تحریک انصاف کا چوتھا پارلیمانی سال شروع ہوگا۔ صدارتی خطاب میں خارجہ اور داخلہ امور بھی حصہ ہوں گے، صدر مملکت ہمسائیہ ممالک کے ساتھ تعلقات، کشمیر کی تازہ ترین صورتحال کا تذکرہ بھی اپنے خطاب میں کریں گے، عید کے بعد قومی اسمبلی سیکرٹریٹ مشترکہ اجلاس کے حوالے سے انتظامات بھی کرے گا۔