مکہ مکرمہ: عازمین حج کے قافلوں کی آمد شروع

386

مکہ مکرمہ: مناسکِ حج کی ادائیگی کے لیے عازمین کی مکہ مکرمہ آمد شروع ہوگئی ہے اور اس سال کورونا وائرس کی وجہ سے محدود عازمین کو حج کی ادائیگی کی اجازت دی گئی ہے۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق کورونا کے پیش نظر مسجدالحرام میں نماز کے اجازت نامے آج سے بند کردیے گئے ہیں اور صرف حج کے اجازت نامہ رکھنے والے ہی مسجد الحرام میں نماز ادا کرسکیں گے۔

عرب میڈیا کے مطابق ہفتے کی رات سے حج کے ارکان کی ادائیگی شروع ہورہی ہے اور پیر کو وقوف عرفہ اورمسجد نمرہ میں خطبہ حج دیا جائےگا جبکہ عازمین حج کے قافلوں کی مکہ مکرمہ آمد کا آغاز ہوگیا ہے اور طواف القدوم کی سنت کی ادائیگی کے موقع پر بیت اللہ میں لبیک اللھم لبیک کی صدائیں ہر طرف گونج اُٹھیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مسجد الحرام سے میدان عرفات، مزدلفہ کے لیے پیدل روانگی کے بجائے خصوصی بس سروس چلائی جائیں گی اور اس بار کورونا وائرس کی وجہ سے 60 ہزار محدود مقامی عازمین کو حج کی ادائیگی کی اجازت دی گئی ہے۔

سعودی حکام کا کہنا ہے کہ مسجدالحرام میں عازمین حج کے لیے خصوصی انتظامات کیے ہیں اور وہاں صرف حج کے اجازت نامے رکھنے والے ہی جاسکیں گے جبکہ ملک کے مختلف شہروں سے عازمین حج کے قافلے مکہ مکرمہ کے استقبالیہ مرکز پہنچنا شرع ہوگئے ہیں اور جدہ شہر سے عازمین کی آمد کا سلسلہ کل اتوار سے شروع ہوجائیگا۔

وزارت حج و عمرہ کے ترجمان نے بتایا کہ النواریہ، الزایدی، الشرائع اور الہدیٰ مراکز میں حجاج کرام کا استقبال کیا گیا ہے اور طواف القدوم کی ادائیگی کے لیے مسجد الحرام میں داخل ہونے کے لیے 6 ہزار عازمین پر مشتمل گروپس تشکیل دیئے گیے ہیں جو ہر 3 گھنٹے بعد مسجد الحرام میں داخل ہونگے اور یہ کل رات 9 بجے تک جاری رہےگا۔

حج کے موقع پر ٹریفک کے امور کے انچارج عبدالرحمن الحربی نے العربیہ ڈاٹ نیٹ کو بتایا کہ عازمین کو لے جانے والی بسوں میں سینی ٹائزر کا انتظام کیا گیا ہے جبکہ ماسک کا استعمال اور سماجی فاصلے پر عمل درآمد کرایا جائے گا۔

خیال رہے طواف قدوم کی تکمیل کے بعد عازمین حج مسجد حرام سے نکلیں گے اور بسوں کے ذریعے باب علی سٹیشن سے ہوتے ہوئے جمرات پل تک جائیں گے، اس موقع پر 200 بسوں کے ذریعے ایک وقت میں دو ہزار عازمین حج کو ہر تین گھنٹے کے وقفے کے بعد جمرات پل تک پہنچایا جائے گا۔

وہاں سے عازمین حج منیٰ پہنچیں گے اور منیٰ روانگی کے لیے انہیں الگ لگ رنگوں کے ٹریکس کے ذریعے پہنچایا جائے گا جبکہ  سعودی وزارت صحت نے کہا ہے کہ حج موسم  کے لیے منی الوادی ہسپتال اور میدان عرفات میں جبل الرحمہ اسپتال میں تیاریاں مکمل ہیں اور  اسپتالوں میں حجاج کو علاج کی تمام سہولتیں میسر ہونگی۔

سعودی عرب میں ٹرانسپورٹ کمیٹی کا کہنا ہے کہ جدہ اور مدینہ منورہ سے حرمین ٹرین کے ذریعے عازمین کے قافلوں کی مکہ مکرمہ آمد کا آغاز ہو گیا ہے اور کل سے باقاعدہ مناسک حج کا آغاز کردیا جائے گا۔