امریکا جرمنی سربراہ ملاقات میں روس چین پر توجہ مرکوز

173
واشنگٹن: امریکی صدر جوبائیڈن اور جرمن چانسلر انجیلا مرکل پریس کانفرنس کررہے ہیں

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی صدر جوبائیڈن اور جرمن چانسلر انجیلا مرکل کے درمیان ہونے والی ملاقات میں روس اور چین سے متعلق معاملات کو خاصی توجہ حاصل رہی۔ خبررساں اداروں کے مطابق جمعرات کے روز وائٹ ہاؤس میں ہونے والی اس ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب میں صدر جو بائیڈن نے کہا کہ امریکا اور جرمنی روسی جارحیت کے خلاف مشرقی یورپی ممالک کی مدد کرنے میں متحد ہیں، اور اس بات پر بھی متفق ہیں کہ ماسکو کو اپنے پڑوسیوں پر دھونس جمانے کے لیے توانائی کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جانی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نیٹو میں مشرقی یورپ کے دوست اتحادیوں کا دفاع کرنے کے لیے روسی جارحیت کے خلاف مل کر کھڑے ہیں اور ساتھ رہیں گے۔ امریکی صدر نے اس موقع پر ہانگ کانگ کے حوالے چین پر نکتہ چینی کی اور کہا کہ وہاں حالات خراب ہوتے جا رہے ہیں۔ چینی حکومت نے ہانگ کانگ سے متعلق جو وعدے کیے تھے وہ پورے نہیں کر رہی ہے، جب کہ وہاں حالات دن بدن ابتر ہوتے جا رہے ہیں۔ دوسری جانب جرمنی اور چین کے درمیان گہرے کاروباری رشتے ہیں اسی لیے انجیلا مرکل نے موسمیاتی تبدیلیوں اور کورونا وائرس وبا جیسے امور میں بیجنگ کے ساتھ تعاون کی طرف توجہ مبذول کرائی۔ جرمن چانسلر کا کہنا تھا کہ مزدورں کے حقوق، تجارت اور سائبر سیکورٹی جیسے امور پر تمام مغربی ممالک کو چین کے ساتھ مربوط رد عمل کی ضرورت ہے۔