محمد حفیظ اپنے 18سالہ کیرئیر میں 9ویں دورہ انگلینڈ کو یادگار بنانے کے لیے پرعزم

442

نوٹنگھم(جسارت نیوز) قومی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کے سینئر کھلاڑی اور تجربہ کار مڈل آرڈر بیٹسمین محمد حفیظ کا یہ 18 سالوں میں انگلینڈ کا 9واں دورہ ہے۔ انگلینڈ کے میدانوں کا ان کے کرکٹ کیرئیر میں ایک اہم کردار ہے۔انہوں نے انگلینڈ میں اپنا پہلا میچ2003 میں کھیلا تھا۔ اس دوران انہوں نے میزبان ٹیم کے خلاف ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ میں 69 رنز کی اننگز کھیلنے کے ساتھ ساتھ ایک وکٹ بھی حاصل کی تھی۔ انہوں نے ٹی ٹوئنٹی میں اپنے بین الاقوامی کرکٹ کیرئیر کا آغاز بھی اسی سرزمین سے کیا۔28 اگست 2006 کو پاکستان اور انگلینڈ کے مابین برسٹل میں کھیلا جانے والا ٹی ٹوئنٹی ان کا اور پاکستان کرکٹ کی تاریخ کا پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ تھا۔وہ اس میچ میں 46 رنز بناکر نمایاں رہے تھے۔ محمد حفیظ مجموعی طور پر18 سالوں میں انگلینڈ میں 41 انٹرنیشنل میچز میں 32.17 کی اوسط سے 1255 رنز بناچکے ہیں۔ اس دوران محمد حفیظ کی سب سے نمایاں یادگار 2017 میں کھیلی جانے والی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی رہی، جہاں انہوں نے فائنل میں 37 گیندوں پر 57 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر پاکستان کا مجموعہ 300 کے پار پہنچانے میں مدد کی تھی۔ محمد حفیظ کے لیے عمر محض ایک عدد سے بڑھ کر کچھ نہیں ہے، 40 سالہ کرکٹر نے اب تک 106 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں 27.13کی اوسط سے 2388 رنز بنارکھے ہیں۔ وہ یکم جنوری 2020 سے اپنے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ کیرئیر کی بہترین فارم میں ہیں۔ اس دوران انہوں نے آخری 17 میچز میں 48 کی اوسط سے480 رنز بنائے ہیں۔محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ اوے ٹورز پر عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنا کسی بھی ٹیم کے بہتر ٹیم کہلانے کا ثبوت ہوتا ہے۔ بلاشبہ جیت جیت ہوتی ہے چاہے وہ ہوم سیریز میں حاصل ہو مگر اوے ٹور ز پر نمایاں کارکردگی کسی بھی ٹیم کی میگا ایونٹ کی تیاریوں میں بہت معاونت کرتی ہے۔بحثیت سینئر کرکٹر وہ قومی کرکٹ ٹیم میں آنے والے نئے اور نوجوان کھلاڑیوں کو ایک پرسکون ماحول فراہم کرنے کے لیے کوشاں رہتے ہیں۔ ان کی خواہش ہے کہ جب وہ کرکٹ چھوڑیں تو پاکستان کرکٹ ٹیم میں ایک ایسا کلچر پڑوان چڑچکا ہو کہ جہاں سینئر اپنے جونیئرز کو پر سکون ماحول تیار کرکے دیں۔ محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ گالف کھیلنا کسی بھی کرکٹر کی وائیٹ بال کرکٹ میں بیٹ سوئنگ اور فالو تھرو بہتر کرتا ہے۔ جب سے انہوں نے قومی کھلاڑیوں کو گولف کھیلنے کی پیشکش کی ہے ، کپتان بابراعظم ، امام الحق، فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی اور حسن علی نے اس میں بہت دلچسپی لی ہے۔