جرمنی میں سیلاب سے ہلاکتیں 33ہوگئیں‘ کئی افراد لاپتا

168
جرمنی: شدید بارش اور طوفان کے باعث گھر اور گاڑیاں تباہ ہوگئی ہیں

برلن (انٹرنیشنل ڈیسک) جرمنی میں طوفانی بارش اور سیلاب کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھتے ہوئے 33ہوگئی۔ خبررساں اداروں کے مطابق مختلف مقامات پر حادثات کے باعث 50 سے زائد افراد لاپتا ہوگئے ۔ سیلاب میں کئی گھر منہدم ہوگئے اور گاڑیاں تباہ ہوگئیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں ، جب کہ گھروں کی چھتوں پر اب بھی لوگ امداد کے منتظر ہیں۔ اکثر مقامات پر فائر بریگیڈ اور امدادی رضاکار وں کو تعینات کیا گیا ہے۔ سیلاب کے باعث مکانات اور زرعی اراضی کو زیادہ نقصان پہنچا۔ جرمنی کی ریاستیں نارتھ رائن ویسٹ فیلیا، سیکسنی اور باویریا بارش سے شدید متاثر ہوئی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ مختلف علاقوں میں ایک ہزار فائر فائٹرز اور 140امدادی کارکن کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق بون کے شمال مشرق میں واقع ساورلینڈ کے علاقے میں 2فائر فائٹرز ہلاک ہوگئے ۔ ان میں سے ایک پانی میں ڈوب گیا اور دوسرا امدادی کارروائی کے دوران ہلاک ہوا۔ کئی علاقوں میں ریل کی پٹڑی اور سڑکیں تباہ ہوگئیں ۔ ادھر سوئٹزرلینڈ میں بھی ریکارڈ بارش اور طوفانی ہواؤں نے تباہی مچارکھی ہے۔ خبررساں اداروں کی رپورٹ کے مطابق سوئٹزلینڈ میں خطرناک موسم نے نظام زندگی درہم برہم کردیاہے۔ زیورخ نامی شہر میں سڑکیں تالاب بن گئیں ، جب کہ ٹرانسپورٹ اور ٹرین سسٹم کئی گھنٹے تک معطل رہا۔ بارش اور طوفان کی وجہ سے کئی مقامات پر درخت جڑوں سے اْکھڑ گئے اورمواصلاتی نظام درہم برہم ہو گیا۔ زیورخ میں ہیلی کاپٹر بھی گر کر تباہ ہوگیا۔ دوسری جانب بلجیم میں بھی شدید بارش کے بعد سیلاب نے تباہی مچائی اور درجنوں گاڑیاں پانی میں بہ گئیں۔