افغانستان میں امن اور مستحکم اسلامی حکومت کا قیام وقت کی ضرورت ہے،سراج الحق

132
امیرجماعت اسلامی پاکستان سراج الحق خانوزئی پشین بلوچستان میں استقبالیہ تقریب سے خطاب کر ر ہے ہیں

پشین(نمائندہ خصوصی) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہاہے کہ امریکا کی شکست پر افغان عوام مبارکباد کے مستحق ہیں ۔ افغانستان میں پرامن مستحکم اسلامی حکومت کا قیام وقت کی ضرورت اور پاکستان سمیت خطے میں امن اور ترقی کی ضمانت ہے۔ افغانستان میں قیام امن اور مستحکم حکومت کے قیام کے لیے افغان عوام مذاکرات کریں۔ افغانستان میں امن کے قیام کے لیے تمام کوششوں کی حمایت کرتے ہیں۔ غیر ملکی طاقتیں افغانستان میں مزید مداخلت سے باز رہیں ۔موجودہ حکومت نے بلوچستان کی محرومیوں میں مزید اضافہ کیا ۔ مہنگائی ، غربت اور بے روزگاری نے صوبے کے طول و عرض میں ڈیرے ڈال رکھے ہیں ۔ حکمران طبقہ عیاشیوں میں مصروف ، لوگوں کو پینے کا صاف پانی تک میسر نہیں ۔ مسلسل مطالبہ کر رہاہوں صوبے کے وسائل صوبے کے عوام پر خرچ کیے جائیں ۔ اب تک اعلان کیے گئے بلوچستان پیکجز صرف کاغذوں تک محدود رہے ۔زبانی جمع خرچ سے مزید کام نہیں چلے گا ، عملی اقدامات کیے جائیں ۔ صوبے میں سیکورٹی صورتحال بڑا چیلنج ہے ۔ بھارت پاکستان کے حالاب خراب کرنے پر تلاہواہے ، چیلنج سے نمٹنے کے لیے مؤثر حکمت عملی تشکیل دی جائے ۔ ماضی کے حکمرانوں کی طرح پی ٹی آئی نے بھی غربت زدہ اور پسماندہ علاقوں کی بہتری پر کوئی توجہ نہیں دی ۔3 سال گزر گئے ، عوام کا وقت ضائع کیا گیا ۔ اب مزید حیلے، بہانوں اور لفظی بیان بازی کا وقت گزر گیا ۔ عوام حکمرانوں کا اصلی چہرہ پہچان گئے ہیں ۔ سرداروں ، وڈیروں ، جاگیرداروں ، سرمایہ داروں کو گھر بھیجنا ہوگا ۔ مڈل کلاس طبقہ، پڑھے لکھے لوگ ، مزدور کسان آگے بڑھیں ، عوام کو کسی سے خوف زدہ ہونے کی ضرورت نہیں ۔ اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھام لو اور ملک میں قرآن و سنت کے نظام کے نفاذ کے لیے جماعت اسلامی کی جدوجہد کا ساتھ دو۔ میر ا ایمان ہے ملک میں اسلامی نظام رائج ہو گا تو سب مسائل ختم ہو جائیں گے ۔ صرف جماعت اسلامی ہی ملک کو حقیقی اسلامی فلاحی مملکت بنانے کی صلاحیت رکھتی ہے ۔ وعدہ کرتاہوں اقتدار میں آ کر بلوچستان کی محرومیوں کا ازالہ کریں گے ۔جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی میڈیا سیل کے مطابق ان خیالات کااظہار انہوںنے خانوزئی ضلع پشین بلوچستان میں اپنے اعزاز میں منعقدہ استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ تقریب میں مختلف طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ امیر صوبہ بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی ، صوبائی سیکرٹری جنرل ہدایت الرحمن بلوچ ، مشتاق احمد خان، نائب امرا صوبہ مولانا عبدالکبیر شاکر ، زاہد اختر بلوچ ، ڈاکٹر عطا الرحمن و دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے ۔قبل ازیںامیر جماعت اسلامی صوبائی قیادت کے ہمراہ مسلم باغ میں پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے رہنماعثمان خان کاکڑمرحوم کی رہائش گاہ پہنچے جہاں انہوںنے ان کی مغفرت کے لیے فاتحہ خوانی اور مرحوم کے ا ہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا ۔ خانوزئی میں خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت کا کہناتھاکہ بلوچستان قدرتی وسائل سے مالامال ہے مگر بدقسمتی سے ان وسائل کو عوامی فلاح کے لیے خرچ نہیں کیا گیا ۔صوبے کے عوام کی اکثریت بجلی ، پانی ، گیس اور دیگر بنیادی سہولتوں سے محروم ہے ۔ بلوچستان کو اسپتالوں ، یونیورسٹیوں اور کارخانوں کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ اور سابق حکومتوں نے بلوچستان پیکجز کے نام پر اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کیا جو کہ کئی سال گزرنے کے بعد زمین پر نظر نہیں آرہے ۔صوبے میں انفرااسٹرکچر کا برا حال ہے اور لوگ غربت اور مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ چترال سے لے کر کراچی تک عام آدمی کا کوئی پرسان حال نہیں ۔ پی ٹی آئی نے دعوئوں اور وعدوں کی ایک لمبی لسٹ بنارکھی ہے جس پر3 سال گزرنے کے باوجود کوئی عمل درآمد نہیں ہوا۔ حکومت کو جان لینا چاہیے کہ عوام ان سے تنگ آچکے ہیں اور کسی بھی صورت حکمرانوں کی لفظی بیان بازی پر اعتماد کرنے کے لیے تیار نہیں۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے قدرتی وسائل سے مالا مال کیاہے مگر ظالم اشرافیہ ان وسائل پر قابض ہے ۔ ملک میں خوشحالی اور ترقی کے لیے 2 فیصد اشرافیہ سے جان چھڑاناہوگی جس کا واحد راستہ ووٹ کی طاقت سے پرامن جمہوری انقلاب ہے ۔ انہوںنے کہاکہ جماعت اسلامی نے ملک میں شفاف الیکشن کے لیے انتخابی اصلاحات کا مکمل پیکج سیاسی جماعتوں کے ساتھ شیئر کیاہے جس پر جواب کے منتظر ہیں ۔انہوںنے کہاکہ جماعت اسلامی پاکستان میں قرآن وسنت کا نظام رائج کرنے کی جدوجہد کر رہی ہے ۔ جماعت اسلامی کے ملک کے طول و عرض میں موجود ذمے داران اور ورکرز کرپشن فری اسلامی جمہوری پاکستان کا پیغام گھر گھر پہنچائیں ۔