کیا جانسن اینڈ جانسن ویکسین سے اعصابی بیماری کا خطرہ ہے؟

293

واشنگٹن: امریکا کے عالمی شہرت یافہ ریگولیٹری ادارے فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) نے جانسن اینڈ جانسن کی ایک ٹیکے والی کورونا ویکسین سے اعصابی بیماری گیلین بیری سینڈروم پیدا ہونے سے متعلق الرٹ جاری کردیا ہے۔

بین الاقوامی میڈیا  کے مطابق امریکی ادارے فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن نے انتباہ جاری کیا ہے کہ جانسن اینڈ جانسن کی ویکسین لگوانے والوں میں 42 دن بعد اعصابی بیماری گیلین بیری سینڈروم کی علامات ظاہر ہونے لگتی ہیں۔

ایف ڈی اے حکام کا بیری سینڈروم کے حوالے سےکہنا ہےکہ اب تک 100 افراد میں گیلین بیری سینڈروم کی تشخیص ہوئی ہے، جن میں سے 95 افراد کی حالت تشویشناک ہونے کے سبب انہیں اسپتال میں داخل ہونا پڑا ہے جبکہ اس موذی مرض سے ایک ہلاکت بھی ہوئی ہے۔

حکام نے تجویز دی ہے کہ ویکسین لگوانے کے بعد اگر کمزوری یا جسم کے حصے خصوصاً ہاتھ اور پیر سُن ہوجائیں تو فوری طور پر معالج سے رابطہ کریں کیوں کہ یہ علامت بڑھ کر دہرا دکھائی دینے، چلنے پھرنے، بولنے، چبانے اور نگلنے میں مسئلہ پیدا کرسکتی ہے۔

واضح رہے کہ امریکا میں گیلین بیری سینڈروم سے 3 سے 6 ہزار افراد متاثر ہوتے ہیں جن میں سے اکثر صحت یاب ہوجاتے ہیں۔ اس اعصابی بیماری میں مدافعتی نظام اعصابی خلیوں کو نقصان پہنچاتا ہے جس سے پٹھے کمزور ہوجاتے ہیں اور فالج لاحق ہو سکتا ہے۔

خیال رہے جانسن اینڈ جانسن کی جانب سے تاحال اس پر کسی قسم کا تبصرہ سامنے نہیں آیا ہے اور اس پر مزید تفتیش جاری ہے۔