طالبان نے پاک افغان مرکزی گزر گاہ کا کنٹرول حاصل کرلیا

196

طالبان نے پاکستانی سرحد سے متصل افغان ضلع اسپین بولدک پر حملہ کر کے کنٹرول حاصل کرلیا ہے۔

نجی نیوز ٹی وی کے مطابق ترجمان طالبان کا کہنا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے مابین مرکزی گزر گاہ کا کنٹرول حاصل کرلیا ہے، افغانستان کی جانب باب دوستی پر طالبان نے افغانستان کا قومی پرچم اتار دیا۔

ترجمان طالبان نے مزید کہا کہ افغانستان کی طرف سے باب دوستی پر طالبان امارات اسلامی کا سفید پرچم لہرا دیا ہے، شہری اور تاجر آج باب دوستی کی جانب نہ جائیں۔

دوسری جانب افغان محکمہ ٹرانسپورٹ نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان میں چمن قندھار شاہراہ پر طالبان نے کنٹرول حاصل کرلیا ہے جس کے باعث آمد و رفت معطل ہوگئی۔

پاکستانی لیویز حکام کے مطابق پاکستان نے بھی باب دوستی پر قسم کی آمدورفت بند کر کے تجارت معطل کردی ہے، باب دوستی پر اضافی سیکیورٹی تعینات کردی گئی، پاک افغان بارڈر پر ہائی الرٹ ہے۔

لیویز حکام نے کہا کہ باب دوستی گیٹ سے آمدورفت اور تجارت بحالی کے لیے طالبان کی مقامی قیادت سے رابطے میں ہیں، چمن سے متصل افغانستان کی تمام سرحدی چوکیوں پر طالبان کا قبضہ ہے، پاک افغان بارڈر پر غیر یقینی صورت حال ہے۔