عراق: کورونا اسپتال میں آتشزدگی ، 92 جاں بحق

253
ناصریہ (عراق): آتش زدگی کا شکار ہونے والا کورونا اسپتال مکمل طور پر تباہ ہوگیا ہے‘ امدادی کارکن لاش منتقل کررہے ہیں

بغداد (انٹرنیشنل ڈیسک) عراق میں کورونا وائرس کے مریضوں کے اسپتال میں آتش زدگی کے نتیجے میں 92 افراد جاں بحق ہوگئے۔ خبررساں اداروں کے مطابق عراقی محکمہ صحت کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیاکہ ملک کے جنوبی صوبے ذی قار کے شہر ناصریہ میں امام حسین اسپتال میں شام کے وقت آگ لگ گئی۔ ابتدائی طور پر حکام کی جانب سے 64ہلاکتوں کی تصدیق کی گئی،تاہم اس کے بعد تعداد بڑھتے ہوئے 92تک پہنچ گئی۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے میں زخمی ہونے والے دیگر 50افراد کا اسپتال میں علاج جاری ہے۔ ان میں کئی کی حالت تشویش ناک ہے،جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ آتش زدگی کی اطلاع ملتے ہے آپریشن شروع کیا گیا اور فائر بریگیڈ عملے نے کئی گھنٹے کی کوشش کے بعد آگ پر قابو پالیا۔ مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق ہلاک ہونے والے 39 افراد کی شناخت کے بعد لاشیں ورثا کے حوالے کر دی گئی ہیں۔ ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا کہ واقعہ آکسیجن سلنڈر پھٹنے کے باعث پیش آیا تھا۔ یا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اسپتال کا کورونا وارڈ 70بستروں پر مشتمل تھا، اموات میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ عراقی شہرناصریہ کیاسپتال کے کورونا وارڈ میں آکسیجن سلنڈرز پھٹنے سے گزشتہ روز شام کو آگ بھڑک اٹھی تھی۔ دوسری جانب ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ ایران اسپتال میں زخمی ہونے والے لوگوں کو طبی امداد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل عراقی دارالحکومت بغداد میں اپریل میں کورونا کے وارڈ میں آگ لگنے کے نتیجے میں 82 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔