گھنٹے بھر میں ایک ماہ کی بارش‘ لندن ڈوب گیا

240
لندن: شدید بارش کے باعث زیر زمین راستے اور پہاڑی سرنگیں ڈوبی ہوئی ہیں‘ گاڑیوں کے پانی میں پھنس جانے سے شہری پریشان ہیں

لندن (انٹرنیشنل ڈیسک) برطانوی دارالحکومت میں گھنٹے بھر میں ہونے والی ایک ماہ کے برابر بارش نے تباہی پھیر دی اور کئی علاقوںمیں سیلاب آگیا۔ خبررساں اداروں کے مطابق رہایشی علاقوںمیں پانی آجانے سے شہری گھروں میں محصور ہوئے اور گاڑیاں پانی میں تیرنے لگیں۔ مقامی ذرائع ابلا غ کے مطابق لندن میں طوفانی بارش کے بعد سیلاب آنے سے شہر کا نظام درہم برہم ہوگیا ہے۔ سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک کا نظام شدید متاثر ہوا ہے، جب کہ اندرون ملک چلنے والی ٹرین سروس بھی معطل گئی۔ برطانوی نشریاتی ادرے بی بی سی کے مطابق بارش سے جنوب مغربی لندن میں بارنس، رینس پارک اور رچمنڈ کے علاقے شدید متاثر ہوئے۔ اس کے علاوہ شمالی لندن میں گولڈرز گرین اور ہائی گیٹ سمیت کئی علاقے زیر آب آگئے ہیں۔ سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے گاڑیاں پانی میں ڈوب گئیں، جب کہ کئی علاقوں میں گھروں میں پانی داخل ہونے کے باعث شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا۔ بارش کے بعد امدادی کارکن گھروں سے پانی نکالنے میں معاونت کرتے رہے۔ سوشل میڈیا پر تصاویر اور وڈیوز شیئرکی گئی ہیں،جن میں تباہی کے مناظر ہیں۔صارفین کا کہنا ہے کہ انہوں نے 20سال کے دوران لندن میں ایسی طوفانی بارش نہیں دیکھی۔