نیپال: شیر بہادر دیوبا پانچویں بار وزیراعظم بن گئے

89
کٹھ منڈو: وزیر اعظم شیر بہادر دیوبا اپنے عہدے کا حلف اٹھا رہے ہیں

کٹھ منڈو (انٹرنیشنل ڈیسک) نیپال کی عدالت کے حکم پر صدر بیدیا دیوی بھنڈاری نے کانگریس کے صدر شیر بہادر دیوبا سے وزارت عظمیٰ کا حلف لے لیا۔ خبر رساں اداروں کے مطابق نیپالی کانگریس کے صدر شیر بہادر دیوبا پانچویں بار ملک کے وزیر اعظم بن گئے۔ صدر بیدیا دیوی بھنڈاری نے 72 سالہ شیر بہادر کو خصوصی اختیارات کے تحت عہدے پر فائز کیا ہے۔ اس سے قبل عدالت عظمیٰ نے سیاسی بحران کے شکار وزیراعظم شرما اولی کی جانب سے 21 مئی کو پارلیمان تحلیل کرنے کے اقدام کو کالعدم قرار دیا تھا۔ شرما اولی ایوان میں اپنی اکثریت ثابت کرنے میں ناکام رہے تھے،جس کے باعث انہیں عہدہ چھوڑنے کا حکم دیا گیا تھا۔ عدالت نے صدر بیدیا دیوی بھنڈاری کو نئے وزیراعظم کے لیے منجھے ہوئے سیاست دان اور ملک کے 4بار وزیراعظم رہنے والے شیر بہادر کا نام تجویز کیا تھا۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق نئے وزیراعظم کو حلف برداری کے بعد ایک ماہ کے اندر ایوان سے اعتماد کا ووٹ حاصل کرنا لازم ہوگا۔ واضح رہے کہ شیر بہادر دیویا اس سے قبل 1995 ء سے 1997ء، 2001 ء سے 2002ء، 2004ء سے 2005 ء اور 2017 ء سے 2018 ء تک ملک کے وزیراعظم رہے تھے۔ دوسری جانب شیر بہادر دیوبا کے وزیراعظم بننے کے بعد اٹارنی جنرل رمیش بادل نے اپنے عہدے سے استعفادے دیا۔ رمیش بادل نے وزیر اعظم کے پی شرما اولی کے ذریعے اپنا استعفاصدر ودیا دیوی بھنڈاری کو پیش کیا۔