چیف آف نیول ا سٹاف کپ، پی ایچ ایف نے امپائرز اور آفیشلز تعینات کردیے

216

کراچی (سید وزیر علی قادری)تیسرا چیف آف نیول اسٹاف کپ آل پاکستان ہاکی ٹورنامنٹ کے سلسلے میںپاکستان ہاکی فیڈریشن نے ایونٹ امپائرزاورآفیشلز تعینات کردیئے، اولمپین ناصر علی ٹورنامنٹ ڈائریکٹر متعین،مسعود الرحمٰن امپائر مینجر ہونگے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن اور نیول اسپورٹس ڈائریکٹریٹ کے تعاون سے تیسرا چیف آف نیول اسٹاف کپ اپنی تمام تر رعنائیوں کے ساتھ یکم تا8 اگست کراچی میں کھیلا جائے گا۔ ایونٹ کی دفاعی چیمپین ٹیم نیشنل بینک اپنے اعزاز کے دفاع کے لئے پرعزم ہے۔ ایونٹ میں شرکت کے لئے پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے پی ایچ ایف رینکنگ کی ٹاپ8 ٹیموں کو شرکت کے لئے دعوت نامہ اور ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے ایونٹ کو انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کے قوانین کے مطابق کھلانے کے لئے امپائرز اور ٹیکنیکل آفیشلز تعینات کردیئے ہیں۔ پرائیڈ آف پرفارمنس، اولمپین ناصر علی ٹورنامنٹ ڈائریکٹر ہونگے جبکہ اسلم خان نیازی (حیدرآباد) اور جاوید اقبال (کراچی) اسسٹنٹ ٹورنامنٹ ڈائریکٹرز ہونگے۔ ٹورنامنٹ آفیسرز میں مبشر مختار( ایچ بی ایل)، ڈاکٹرز ایس اے ماجد (کراچی)، ڈاکٹر عبدالرسول جانوری (دادو)، مرتضیٰ ڈھوٹ (خیرپور)، غلام مصطفیٰ (حیدر آباد)، عاصم خان (کراچی)، زاہد محمود(کراچی)، انیس خان (کراچی)، وکیل الدین قاضی( کراچی) اور طارق خان (کراچی) شامل ہیں۔