شادمان ٹاؤن کے مکینوں کامسائل پرشہری حکومت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

680

کراچی: شادمان ٹاؤن کے مکینوں نے اپنے حقوق، علاقے کے مسائل  اورشہری حکومت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ نالے سمیت صاف پینے کا پانی اور ٹوٹی پھوٹی سڑکوں کو فوری طور پر تعمیر کیا جائے۔

تفصیلات کے مطابق شادمان ٹاؤن کے مکینوں نے علاقے میں پانی کی عدم فراہمی ، بارشوں سے قبل نالا اوور فلو اور گلی محلوں کی ٹوٹی پھوٹی سڑکوں سمیت آوارہ کتوں کے بڑھنے پر قلندریہ چوک پر احتجاجی مظاہر ہ کیا۔

احتجاجی مظاہرے میں شرکاء نے  علاقے کے مسائل کے حوالے سے بینرز اور پوسٹر اٹھا رکھے تھے ،   جن پر درج ذیل نعرے درج تھے ، پینے کا صاف پانی شادمان ٹاؤن کے رہائشیوں کا حق ہے، شادمان ٹاؤن کے نالے کو درست کرنے کے حوالے سے عملی اقدامات کیے جائیں۔

احتجاج میں شریک مکینوں کا کہنا تھا کہ متعلقہ اداروں کی نااہلی کے باعث شادمان ٹاؤن کی شادمانی ختم  ہوگئی ہے، شادمان ٹاؤن کا شمار منی پاکستان یعنی شہرکراچی کےبہترین علاقوں میں کیا جاتا تھا، لیکن شہری حکومت کے غفلت کی وجہ سے اب یہ شادمان کم کچرے کا ڈھیر زیادہ لگتا ہے۔

مظاہرے کے شرکاء نے مزید کہا کہ حکومتی وزراء  ہمارے مسائل سنے بغیر خاموشی سے فوٹو گرافی کراکے چلے گئے ، متعدد درخواستیں دینے کے باوجود شادمان نالے کی صفائی نہیں کی گئی، جس کی وجہ سے نالا بارشوں سے قبل ہی اوور فلو ہوگیا تھا اور اب بارش کے چند قطرے گرنے کے بعد ہی سڑکیں اور گلیاں کسی گندے تالاب کا منظر پیش کرہی ہیں ۔

شرکاء نے متعلقہ افسران سمیت حکومتی وزراء سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ فوری بنیادوں پر شادمان ٹاؤن کے نالے کا دیرینہ مسئلہ حل کیا جائے، بدبودار پانی کی جگہ صاف پانی فراہم کرنے کیلیے نئے سرے سے لائنیں ڈالوائیں جائیں، ٹوٹی پھوٹی سڑکوں سمیت گلی محلے کے آوارہ کتوں سے محفوظ رکھنے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔