پی پی پی کے تحت 5 جولائی یوم سیاہ کی مناسبت سے احتجاجی تقریب

133

.5 جولائی پاکستان کی تاریخ کا ایک ایسا سیاہ دن تھا، جب ایک فوجی آمر نے ملک کے پہلے منتخب وزیر اعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو کی آئینی اور جمہوری حکومت کا تختہ الٹ کر مارشل لا لگا کر ملک کو اندھروں میں دھکیل دیا۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلز پارٹی سعودی عرب کے مرکزی صدر تصور حسین چودھری نے پی پی پی سعودی عرب کے زیر اہتمام 5 جولائی 1977ء کے یوم سیاہ کی مناسبت سے ایک احتجاجی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جس میں پارٹی عہدیداروں نے بھرپور شرکت کی۔ تصور چودھری نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو تیسری دنیا کے مظلوم عوام کے ہر دلعزیز رہنما تھے۔
تصور چودھری نے کہا کہ فوجی آمر کو تاریخ کبھی معاف نہیں کرے گی۔آج کسی ڈکٹیٹر کا کوئی نام لیوا نہیں ہے، مگر بھٹو کل بھی زندہ تھا اور آج بھی زندہ ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ملک جاوید حسین نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت نے ملک کی سلامتی، بقا اور جمہوریت کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنے سے بھی دریغ نہیں کیا۔ میاں الطاف حسین ،آفتاب ترابی، ملک الیاس اعوان، راجہ اعجاز حسین جنجوعہ، زمرد خان سیفی ملک تکاثر عباس، اکرام اللہ کوہلی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ آخر میں پاکستان کی سلامتی، استحکام اور شہید بھٹو و دوسرے شہدا کے لیے ان کے بلندی درجات کی دعا کی۔