محمد شبیر اقبال چیف آف دی نیول اسٹاف اوپن گالف کے چیمپئن بن گئے

156
کراچی: 25ویں چیف آف دی نیول اسٹاف اوپن گالف چیمپئن محمد شبیر اقبال مہمان خصوصی چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی سے ٹرافی وصول کرتے ہوئے

کراچی(سید وزیر علی قادری)محمد شبیر اقبال نے 25 ویں چیف آف دی نیول اسٹاف اوپن گالف چیمپئن شپ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔25 ویں چیف آف دی نیول اسٹاف اوپن گالف چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب کا انعقادکراچی گالف کلب میں کیا گیا۔چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔8سے 11 جولائی جاری رہنے والی4 روزہ چیمپیئن شپ 1995 کے بعد سے ملکی گالف کے حلقوں میں ایک اہم ایونٹ کی حیثیت اختیار کر چکی ہے۔ چیمپئن شپ میں کراچی گالف کلب پروفیشنلز/ کیڈیز، سینئیر پروفیشنلز، جونئیر پروفیشنلز، سینئرز اور لیڈیز کے لئے36 ہولز کے میچز،کیٹگری اے اور بی کے جونئیرز کے لئے 18ہولز کے میچز،ویٹرنز کے لئے 9 ہول میچز اور پروفیشنلز اور امیچرز کے لئے 72 ہول کے میچز کھیلے گئے۔8.5 ملین کی انعامی رقم کے ساتھ چیمپئن شپ ملکی گالف ایونٹس میں سب سے زیادہ انعامی رقم والا ایونٹ ہے۔علاوہ ازیں مختلف کیٹیگریز میں جیتنے والے کھلاڑیوں کو دیگر کئی انعامات دیے گئے۔ملک سے600 زائد گالفرز نے میگا ایونٹ میں حصہ لیا۔چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے بہترین چیمپئن شپ کے انعقاد پر کراچی گالف کلب کے اسٹاف اور منتظمین کو سراہتے ہوئے چیمپئن شپ کے فاتحین کو مبارکباد پیش کی۔انہوں نے معیاری کھیل کے مظاہرے کو بھی سراہا جس کی وجہ سے معیاری تفریح میسر ہوئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نیوی ملک میں کھیلوں کے صحت مندانہ فروغ میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔ آخر میں25 ویں چیف آف دی نیول اسٹاف اوپن گالف چیمپئن شپ کے فاتح محمد شبیر اقبال نے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے گالف کھیلنے کا شاندار موقع فراہم کرنے پر منتظمین اور اسپانسرز کا شکریہ ادا کیا۔اختتامی تقریب میں منتظمین سمیت متعدد معززین،اسپانسرز،گالف کمیونٹی اور میڈیا نمائندگان نے شرکت کی۔