جماعت اسلامی کی قومی وسماجی خدمات رول ماڈل ہیں، امیر العظیم

54
لاہور: جماعت اسلامی کے جنرل سیکرٹری امیر العظیم تربیتی اجتماع سے خطاب کررہے ہیں

لاہور ( نمائندہ جسارت) سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان امیر العظیم نے منصورہ میں مرکزی تربیت گاہ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ جماعت اسلامی کے کارکنان ملت اسلامیہ پاکستان کا سرمایہ ، قومی وحدت کے علمبردار اور حقوق اللہ اور حقوق العباد کی ترویج کے لیے عوام الناس میں دعوت الیٰ اللہ کا فریضہ سر انجام دے رہے ہیں ۔جماعت اسلامی چاہتی ہے کہ اس تحریک کے ساتھ وابستہ ہونے والا ہر کارکن مولانا سید ابوالاعلیٰ مودودی بن جائے جنہوںنے لوگوں کی بڑی تعداد کو دین اسلام کی طرف راغب کیا ۔ انہوںنے کہاکہ جماعت اسلامی پاکستان میں عوام کے تمام طبقات میں حق کی دعوت پہنچانے کا کا م کر رہی ہے اس کی ملی ، قومی ، سماجی خدمات ایک رول ماڈل کی حیثیت رکھتی ہیں ۔ امیر العظیم نے کہاکہ جماعت اسلامی ملک میں قرآن و سنت کے نظام کے نفاذ کے لیے آئینی ، قانونی ،جمہوری جدوجہد میں ہمہ تن مصروف ہے ۔ جماعت اسلامی سے وابستہ افراد جو قومی اسمبلی ، سینیٹ اور صوبائی اسمبلیوں کے اراکین منتخب ہوئے ، وزارتوں میں رہے ان کے دامن کرپشن سے پاک ہیں جو کہ روز روشن کی طرح سب پر عیاں ہے جس کا اعتراف عالمی اور قومی سطح پر بھی موجود ہے جبکہ عوامی خدمت کے ریکارڈ اپنی مثال آپ ہیں۔ یہ سب جماعت اسلامی کے منظم نظم ، کارکنوں کی دینی ، اخلاقی تربیت ، اسلامی لٹریچر سے لگائو کا ثمر ہے ۔ جماعت اسلامی نے سماجی سطح پر ملک و قوم کی جو خدمت کی ہے اس پر ہم اللہ تعالیٰ کے شکر گزار ہیں ۔