بھارت نے قندھار قونصلیٹ سے عملے کی واپسی کی تصدیق کردی

595

نئی دلی: بھارتی وزارت خارجہ نے افغانستان کے شہر قندھار سے اپنے قونصلیٹ سے عملے کی واپسی کی تصدیق کردی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق وزارت خارجہ کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ شدید لڑائی کے سبب قندھار قونصلیٹ کا بھارتی عملہ واپس بلایا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ عملے کی واپسی حالات کے بہتر ہونے تک ایک وقتی اقدام ہے تاہم قندھار قونصلیٹ مقامی عملے کیے ذریعے کام کرتا رہے گا۔

افغانستان سے نیٹو افواج کے انخلا کا سلسلہ برقرار ہے۔ جمعہ کے روز پریس کانفرنس میں امریکی صدر جوبائیڈن کا کہنا تھا کہ امریکا کو طالبان پر بالکل بھی بھروسہ نہیں، افغانستان پر طالبان کا قبضہ یقینی نہیں ہے۔

صدر جوبائیڈن کا کہنا تھا کہ افغانستان تین لاکھ افغان فوجی اور ایئرفورس کے اہلکار موجود ہیں، ان کے پاس جدید اسحلہ ہے جبکہ طالبان 75 ہزار ہیں، اس لیے ان کا قبضہ یقینی نہیں۔

امریکی صدر نے کہا تھا کہ افغانستان میں ہمارا فوجی مشن 31 اگست کو ختم ہو جائے گا، اب افغان عوام کی ذمہ داری ہے کہ وہ خود اپنے مستقبل کا فیصلہ کریں۔