سندھ کا اصل دشمن زرداری اور پی پی ہے،سندھ ایکشن کمیٹی

50

میرپورخاص(بیورورپورٹ)سندھ دھرتی کے قدیم گوٹھوں کو مسمار کر کے غیرقانونی بستیاں ،غیر سندھیوں کی آبادی کو کسی صورت میں برداشت نہیں کیا جائے گا، ملک ریاض اور اس کے آقاﺅں کو سندھ بدر کرنے تک ہماری تحریک جاری رہے گی، گرفتار سندھی قومی کارکنوں کو رہا کر کے درج مقدمات واپس لیے جائیں، بحریہ ٹاﺅن، ڈی ایچ اے،اے ایس ایف رہائشی اسکیمیں اور دیگر رہائشی کالونیوں کو بند کر کے سندھیوں کو بے دخل ہونے سے بچایا جائے ۔اردو سمیت تمام بولیوں کو قومی درجہ دیا جائے ،ملازمتیں میرٹ پر دی جائیں، ہم سندھ کی ترقی چاہتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار سندھ ایکشن کمیٹی کے رہنماﺅں ڈاکٹر قادر مگسی، روشن بروڑو، ڈاکٹر رسول بخش خاصخیلی، ریاض چانڈیو، ڈاکٹر آدم بھٹ، سید مسرور علی شاہ، اسلم خیرپوری ، نواز خان ، حاکم زادی تھیبو، منظور میمن ، تاج بلوچ اور دیگر نے بلدیہ شاپنگ کمپلیکس کے سامنے سندھ ایکشن کمیٹی کے منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے مذید کہا کہ ملک ریاض کا پس پردہ ساتھ دینے اور اس کے حواریوں کے خلاف ہماری تحریک اس وقت تک جاری رہے گی جب تک سندھ دھرتی پر قبضہ کی ایک انچ زمین غیر سندھیوں سے آذاد نہیں کروا لی جاتی۔ انھوں نے کہا کہ ملک ریاض اور اس کے حواریوں نے قیام پاکستان سے قبل قدیم گوٹھوں کو سندھ حکومت کی سرپرستی میں سندھ کے قدیم گوٹھوں کو مسمار کر کے ان گوٹھوں کے رہائشیوں پر تشدد کر کے ان کے گھروں کو نذرآتش کر کے ان کو بے دخل کیا گیا جسکی ہم بھرپور الفاظ میں نہ صرف مذمت کرتے ہیں بلکہ ان کے اس عمل پر مزاحمت بھی کرتے رہیں گے ۔انھوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے خالد مقبول صدیقی سندھ کو تقسیم کرنے کا اعلان کر رہے ہیں ہم انھیں بتانا چاہتے ہیں کہ سندھ کے دشمن کو سندھ میں قبر کے لیے بھی جگہ نہیں ملے گی ایم کیو ایم سندھ کے وسائل کی بات نہیں کر رہی ہے، ہم اسے بھی غدار سمجھتے ہیں پچاس لاکھ غیر سندھیوں کو شناختی کارڈ جاری کیے گئے ہیں لعنت ہے ایسے سندھ کے حکمرانوں پر ۔پیپلز پارٹی کے دور میں ترقی نہیں سندھ کی تباہی ہوئی ہے، سندھ کے اصل دشمن زرداری اور پیپلز پارٹی ہے ۔انھوں نے کہا کہ آصف زرداری ملک ریاض کا بحریہ ٹاﺅن میں حصہ دار ہے ہم آصف زرداری کو یہ بتا دینا چاہتے ہیں کہ ہم ان کا یہ منصوبہ کبھی بھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔سندھ ایکشن کمیٹی کے جلسے میں کارکنوں کے علاوہ خواتین نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی دریں اثناءسندھ ایکشن کمیٹی کے رہنماﺅں کا میرپورخاص ٹال پلازہ پر سینکڑوں کارکنان نے شاندار استقبال کیا اور ایک ریلی کی شکل میں بلدیہ شاپنگ کمپلکس جلسہ گاہ لائے۔