ڈرائی پورٹ بند ہونے سے بیروزگاری بڑھے گی،میجر جنرل کاشف

206
حیدر آباد،ڈرائی پورٹ پر منعقدہ سیمینار کے موقع پر جی سی او میجر جنرل کاشف آزاد،دلاور خان،سلیم الدین قریشی،عبدالقادر میمن ،صادق اللہ خان و دیگر کا گروپ فوٹو

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) حیدرآباد ڈرائی پورٹ کے حوالے سے ایک سیمینار جی او سی دفتر گریژن میں منعقد ہوا۔ سیمینار میں این ایل سی، پاکستان کسٹم کے حکام اور حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے صدر سلیم الدین قریشی نے شرکت کی۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی جی او سی میجر جنرل محمد کاشف آزاد نے کلیکٹر کسٹم عبدالقادر میمن اور تاجر برادری سے درخواست کی کہ ڈرائی پورٹ کو بند ہونے سے بچایا جائے کیونکہ یہ پورٹ بند ہونے سے بے روزگاری میں اضافہ ہوگا۔ اُنہوں نے کہا کہ شہر کو صاف رکھیں کیونکہ صفائی نصف ایمان ہے۔ صدر چیمبر سلیم الدین قریشی نے اپنے خطاب میں کہا کہ حیدرآباد ڈرائی پورٹ کراچی کے بعد پورے سندھ کے لیے واحد پورٹ ہے اگر اُسے بند کردیا گیا تو کوئی اچھے اثرات مرتب نہیں ہوں گے اور یہاں کی صنعتوں کو نقصان پہنچے گا۔ تاجر برادری ڈرائی پورٹ کو فعال کرنے کے لیے اپناکردار ادا کرے اور اِس پورٹ کو بند ہونے سے بچائے۔ اگر یہ پورٹ بند ہوا تو تاجر و صنعتکار حضرات ایک مہیا کردہ انتہائی اچھی سہولت کھو بیٹھیں گے۔ اُنہوں نے کہا کہ حیدرآباد ائر پورٹ کو بند کردیا گیا جس سے ہفتے میں کئی پروازیں چلا کرتی تھیں اور بعد ازاں کارگو سروس بھی بند کردی گئی۔ حیدرآباد سے تازہ سبزیاں، پھل اور دیگر چیزیں ہوائی جہاز کے ذریعے بآسانی دوسرے شہروں اور ملکوں میں بھیجی جاتی تھیں۔ اِس کے علاوہ حیدرآباد میں انٹرنیشنل کرکٹ بھی بند کردی گئی اور حیدرآباد کے اسٹیڈیم کا کوئی پُرسان حال نہیں۔ کلیکٹر کسٹم عبدالقادر میمن نے اپنے خطاب میں کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر کلیئرنس کی جائے گی اور اگر تاجر کسی وجہ سے اپنے مال کی کلیئرنس نہیں کراسکے تو وہ بھی 15 دن تک کلیئرنس کراسکتے ہیں اُن سے کنٹینر پر کوئی اضافی کرایہ نہیں لیا جائے گا اور یہ سہولت پورے پاکستان میں صرف حیدرآباد میں ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ ڈرائی پورٹ کے دروازے تاجروں کے لیے ہمیشہ کھلے ہیں۔ آخر میں برگیڈیئر ظہیر الدین بابر نے سیمینار میں موجود تاجروں کا شکریہ ادا کیا۔ سیمینار میں نئے آنے والے جی او سی میجر جنرل دلاور خان کے علاوہ کسٹم انٹیلی جنس سندھ کے ڈائریکٹر صادق اللہ خان، میمن موٹرز کے محمد سلیم عمر، ڈی ایس موٹر کے زبیر گھانگرا، سینئر نائب صدر محمد الطاف میمن، سابق صدور دولت رام لوہانہ، محمد اکرم انصاری، رکن ایگزیکٹیو کمیٹی پرویز فہیم نوروالا اور امپورٹرز حضرات موجود تھے۔