صومالیہ میں خود کش حملہ‘ 9افراد مارے گئے

253
موغادیشو: پولیس اہل کار اور ماہرین جائے دھماکا سے شواہد اکٹھے کررہے ہیں

موغادیشو/ ابوجا/ بماکو (انٹرنیشنل ڈیسک) صومالیہ کے دارالحکومت موغادیشو میں ایک خود کش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ خبررساں اداروں کے مطابق ہفتے کے روز ہونے والے اس خودکش حملے میں کم از کم 9 افراد ہلاک اور 8 دیگر زخمی ہوگئے۔ مقامی اسپتال کے ایک ڈاکٹر نے بتایا کہ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ عسکریت پسند گروہ الشباب نے اس حملے کی ذمے داری قبول کرلی ہے۔ پولیس کے مطابق خودکش حملہ آور کا نشانہ موغادیشو کے پولیس کمشنر تھے، لیکن وہ محفوظ رہے۔ رواں ماہ کے دوران دارالحکومت میں یہ دوسرا دھماکا ہے۔ گزشتہ ہفتے ہونے والے دھماکے میں 10 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ دوسری جانب نائیجیریا کے صوبے زامفارا میں مسلح حملے میں کم ازکم 35 افراد ہلاک اور بڑی تعداد میں زخمی ہو گئے۔ محکمہ پولیس کے ترجمان محمد شیخو کا کہنا ہے کہ مسلح افراد نے مارادون علاقے میں حملے کیے۔ اس دوران 35 افراد مارے گئے۔ یاد رہے کہ علاقے میں سیکورٹی اداروں کے 7 جولائی کو کیے گئے آپریشن میں 2 جتھوں کے کئی کارکن مارے گئے تھے۔ ادھر مالی کے علاقے مپوتی میں ایک دھماکے میں اقوام متحدہ کے امن مشن کے 7 فوجی زخمی ہو گئے۔ مپوتی میں گشت کرنے والے ان فوجیوں کی گاڑی ایک بارودی سرنگ سے جا ٹکرائی۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے نمایندہ خصوصی برائے مالی الا گاسیم وین نے اس حملے کی شدید مذمت کی۔ سینی گال کی فوج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ زخمی ہونے والے 7 فوجیوں میں سے 4 کا تعلق سینی گال سے ہے۔