شعبہ اطفال کا مقصد بچوں کی تربیت اور کردار سازی ہے، حافظ نعیم

111
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن شعبہ اطفال کے تحت ورکشاپ سے خطاب کررہے ہیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر)جماعتِ اسلامی کراچی کے تحت قائم شعبہ اطفال کے زیر اہتمام ایک روزہ تربیتی ورکشاپ ادارہ نور حق میں منعقد ہوئی جس میں بچوں کی تربیت کا فریضہ انجام دینے والے جماعت اسلامی کے ضلعی و علاقائی ذمے داران، مختلف نجی اسکولوں، برادر تنظیموں اور الخدمت کے شعبہ کفالت یتامیٰ کے ذمہ داران نے شرکت کی۔ ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ شعبہ اطفال کے قیام کا مقصد پورے شہر کے اسکولوں اور مدارس میں پڑھنے والے بچوں کی تربیت، ذہن سازی اور کردار سازی ہے جس کے لیے جماعت اسلامی کی برادر تنظیمیں ، کئی تحریکی اسکول اور رفاہی ادارے اپنے اپنے دائرے میں کام کر رہے ہیں۔ اس کے باوجود شہر میں لاکھوں بچے ابھی ہم سے دور ہیں جن کی تربیت کی ذمہ داری ہمارا دینی فریضہ ہے۔ ضروری ہے کہ جماعت اسلامی کے تحت بچوں میں کام کا دائرہ وسیع کیا جائے اور اشتراک عمل سے اگلی نسل کی تربیت کا کام موثر انداز سے کیا جائے۔ شہر میں جماعت اسلامی کا وسیع نیٹ ورک موجود ہے جو شعبہ اطفال کے ذریعے نسلِ نو کی تربیت کے خلاء کو پُر کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے کراچی کی سطح پر شعبہ اطفال کا ریسورس سینٹر قائم کیا ہے جس کے تحت بچوں کی تربیت سے متعلق نصاب، آڈیو وڈیو کا اجراء، رسائل کا اجرا، افراد کی تربیت اور بچوں میں کام کی نگرانی و معاونت فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ شعبہ اطفال نے بہت مختصر وقت میں اپنے کام کو منظم کیا ہے اور بچوں میں کام کرنے والے دیگر اداروں کو اس کام میں شریک کیا ہے جو خوش آئند ہے۔ ریسورس سینٹر شعبہ اطفال کراچی کے ناظم فصیح اللہ حسینی نے شرکاء کو بچوں میں کام کا لائحہ عمل اور طریقہ سمجھایا اور بچوں کی نفسیات کو مد نظر رکھتے ہوئے تیار کی گئی سرگرمیوں سے آگاہ کیا۔ عید الاضحی کے حوالے سے خصوصی سرگرمیاں اور اہداف پیش کیے گئے۔ شرکاء نے شعبہ اطفال کے قیام کو احسن اقدام قرار دیا اور نسل نو کی تربیت کے لیے گرم جوشی اور امید ظاہر کی۔ ورکشاپ سے نگران شعبہ اطفال کراچی سلیم اظہر، شعبہ اطفال پاکستان کے مرکزی انچارج عمیر ادریس اور رکن مرکزی کمیٹی شعبہ اطفال نجیب احمد حنفی نے بھی خطاب کیا اور شرکاء کے سامنے کام کے مقاصد، اس کی ضرورت و اہمیت بیان کی اور اہداف واضح کیے۔ورکشاپ کے منتظمین میں شعبہ اطفال کراچی کی ٹیم سے حماد ظہیر، جہانزیب رازی اور مصعب خالد شریک تھے۔