تاجکستان میں 5.9 شدت کا زلزلہ، 5 افراد ہلاک

205

دوشنبے: تاجکستان میں 5.9 شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس نے بڑے پیمانے پر تباہی مچادی ہے، زلزلے میں 5 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق زلزلہ تاجکستان کے رشت ضلع سے 27 کلومیٹر مشرق میں آیا، زلزلے کا مرکز زمین میں 10 کلومیٹر گہرائی میں تھا، دارالحکومت دوشنبہ میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔

زلزلے کے جھٹکوں سے درجنوں مکانات تباہ ہوگئے اور کئی علاقوں میں بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا۔ مکانات کے ملبے سے 5 افراد کی لاشیں نکالی گئی ہیں، ملبے سے لاشیں ملنے کا سلسلہ جاری ہے جب کہ اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

ریسکیو ادارے نے امدادی کاموں کا آغاز کرتے ہوئے ملبے تلے دبے زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا جب کہ بے گھر ہونے والے افراد کے لیے ریلیف کیمپ قائم کیے گئے ہیں۔ متاثرین کو کھانا اور دیگر ضروری اشیا فراہم کی گئی ہیں۔

ڈیزازٹر منیجمنٹ کے حکام کا کہنا ہے کہ زلزلے کے جھٹکوں کے بعد آفٹر شاکس کا سلسلہ جاری رہے گا جس کے باعث پہاڑی علاقوں سے رہائشیوں کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔