کراچی: بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل کا شارع فیصل پر داخلہ بند

334

کراچی: ٹریفک پولیس نے بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل پر سفر کرنیوالوں کیلئے شارع فیصل نوگو ایریا قرار دے دیا ہے جبکہ چالان کرکے بھاری جرمانہ عائد کرنے کا سلسلہ بھی شروع کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی ٹریفک پولیس نے بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل پر سفرکرنیوالوں کیلئے شارع فیصل نوگو ایریا قرار دیتے ہوئے بغیر ہیلمٹ سفر  کرنیوالوں کیخلاف کارروائیاں تیز کردیں ہیں۔

اعلامیے کے مطابق  شارع فیصل پرٹریفک پولیس کی مزید نفری لگادی گئی ہے جبکہ ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ موٹرسائیکل چلانےوالےشہری ہیلمٹ ضرور استعمال کریں جبکہ  شہرمیں حادثاتی اموات میں بڑھنے پر یہ کریک ڈاؤن کافیصلہ کیا گیاہے۔

ٹریفک پولیس کا مزید کہنا تھاکہ  ٹریفک پولیس نےبغیر  ہیلمٹ والوں پر چالان کرکے بھاری جرمانہ عائد کرنے کا سلسلہ بھی شروع کردیا ہے۔

یاد رہے گذشتہ ماہ کراچی موٹر وے پولیس کا کہنا تھا کہ ٹریفک حادثات میں ہلاک افراد کی تعداد، دہشت گردی میں مرنے والوں کی تعداد سے کہیں زیادہ ہے۔

ڈی آئی جی موٹر وے پولیس علی شیر جاکھرانی کا کہنا تھا کہ ملک میں دہشت گردی کے واقعات میں سالانہ 5 ہزار افراد مارے جاتے ہیں، لیکن ٹریفک حادثات میں 30 ہزار سے زائد افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔

علی شیر جاکھرانی کا کہنا تھا کہ ٹریفک حادثات کے دوران مرنے والوں میں زیادہ تعداد موٹر سائیکل سواروں کی ہے، موٹر سائیکل سوار ہیلمٹ کا استعمال کریں، ہیلمٹ کا استعمال حادثے میں گہری چوٹ سے محفوظ رکھتا ہے۔