کالی ماسی گہرے سیاہ رنگ کی مرغی کا گوشت بھی کالا

417

مہاراشٹر: بھارت کے بعض علاقوں میں عام پائی اور کھائی جانے والی مرغی مکمل طور پر گہرے سیاہ رنگ کی ہوتی ہے اور دلچسپ بات یہ ہے کہ اس کا گوشت بھی بہت حد تک کالا ہوتا ہے۔

بین الاقوامی میگزین پر شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق  مرغ کا نام کڑک ناتھ اور بھارت میں اسے ‘کالی ماسی’ کا نام بھی دیا گیا ہے جبکہ یہ پرندہ (مرغ) بھارت کے کئی علاقوں میں مشہور ہے اور رغبت سے کھایا جاتا ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ اگرچہ گوشت کی سیاہ رنگت عجیب لگتی ہے لیکن پکنے کے بعد اس میں کچھ تبدیلی ضرور آتی ہے۔

دوسری جانب اس مرغ کے پیر، سر، جلد اور پر تک بالکل کالے ہیں اور کہا جاتا ہے کہ اس برائلر مرغیوں کے مقابلے میں کڑک ناتھ کا گوشت ذیادہ غذائیت رکھتا ہے۔

کالی ماسی پہلے پہل ملیشیا ، مدھیا پردیش کے ضلع جھابوا میں مقبول تھی اور دھیرے دھیرے اس کے کئی فارم ہندوستان کے کئی علاقوں میں قائم ہوئےاور اب چھتیس گڑھ، تامل ناڈو، آندھرا پردیش اور مہاراشٹر میں یہ عام پائی جاتی ہیں۔

غذائی ماہرین کا دعویٰ ہے کہ اس میں دیگر مرغیوں کے مقابلے میں چکنائی اور کولیسٹرول کی شرح بہت کم ہوتی ہے اور یہی وجہ ہے کہ اس کا گوشت بہت مہنگا فروخت ہوتا ہے۔

رپورٹس کے مطابق  کئی بھارتی علاقوں میں زندہ مرغی کی قیمت 850 روپے اور گوشت کی قیمت 1000 سے 1200 روپے فی کلوگرام تک ہے، اس طرح عام مرغیوں کے مقابلے میں اس کی قیمت تین گنا زائد ہے۔

کالی ماسی اس لیے مہنگی ہے کہ اسے پالنے اور پروان چڑھانے میں بہت وقت لگتا ہے جبکہ عام برائلر مرغی 45 دن میں تیار ہوجاتی ہے، تاہم کڑک ناتھ کو پروان چڑھنے میں 8 مہینہ لگتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ  بعض تصاویر میں دکھایا جاتا ہے کہ کالی ماسی کے انڈے اور خون بھی سیاہ ہے جو ایک غلط بات ہے  اگرچہ بھارت سے باہر اس طرح کی سیاہ گوشت اور رنگت والی مرغیاں عام نہیں ملتیں لیکن چین میں ‘سلکیز’ نامی مرغیاں عام ہیں جن کی رنگت گہری سرمئی اور گوشت بھی سرمئی ہوتا ہے۔