عازمین حج کا اندراج مکمل‘مشاعر میں 4 اسپتال تیار

256

مکہ مکرمہ (انٹرنیشنل ڈیسک) سعودی وزارت حج و عمرہ نے ویب پورٹل کے ذریعے عازمین حج کے اندراج کا مرحلہ مکمل کرکے 60 ہزار زائرین کو اجازت دے دی۔ رواں سال غیر ملکی مقیم زائرین کا تعلق 150 ممالک سے ہے اور انہیں مطلوبہ طبی شرائط پورا ہونے پر اجازت نامے جاری کیے گئے ہیں۔ نائب وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر عبد الفتاح مشاط کا کہنا ہے کہ اندراج کا مرحلہ مکمل ہوگیا ہے اور اس دوران ان افراد کو ترجیح دی گئی جنہوں نے پہلے حج ادا نہیں کیا۔ وزارت حج و عمرہ نے رواں سال حج کے اہل قرار دیے جانے والے تمام افراد کو عمومی ہدایت جاری کی ہے کہ وہ فوری طور پر قریب ترین مرکز سے کورونا ویکسین کی دوسری خوراک لگوا لیں۔ ساتھ ہی حفاظتی تدابیر اور احتیاطی اقدامات کی پابندی کریں۔ادھر مکہ مکرمہ کے محکمہ صحت کے سرکاری ترجمان حمد فیحان عتیبی نے بتایا ہے کہ مقدس مقامات میں 4 اسپتال تیار کیے گئے ہیں۔ اپنے بیان میں انہوں نے وضاحت کی کہ مشاعر مقدسہ میں 6 مراکز صحت کے علاوہ جبل رحمت، مشرقی عرفات، منیٰ الوادی اور موبائل فیلڈ اسپتال شامل ہیں۔ اس کے علاوہ وہاں ہیٹ اسٹروک کے 45 مراکز ہیں جن میں سے 23 جبل الرحمت میں اور 22 منیٰ میں ہیں۔ جبل الرحمت اسپتال اور منیٰ الوادی اسپتال میں 42 انتہائی نگہداشت کے بستر ہیں۔ موسم حج کے دوران 32 میڈیکل ٹیمیں مقرر کی گئی ہیں، جن میں دارالحکومت کے اسپتالوں میں 10 اور مقدس مقامات میں 22 تعینات ہیں۔