فاسٹ بالر وہاب ریاض کو غلط ویزے پر برطانیہ جانا مہنگا پڑگیا

392

لندن: قومی ٹیم کے فاسٹ بالر وہاب ریاض کو غلط ویزے پر انگلینڈ جانا مہنگا پڑگیا، برطانوی حکام نے لندن ائیرپورٹ سے واپس بھیج دیا۔

تفصیلات کے مطابق فاسٹ بالر وہا ب ریاض 21 جولائی سے شروع ہونے والے دی 100 ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے انگلینڈ پہنچے تو ایئرپورٹ پر امیگریشن حکام نے انہیں کہا کہ آپ غلط ویزے پر لندن آئے ہیں جس کے بعد ورک پرمٹ ویزہ نہ ہونے کے باعث انہیں پاکستان واپس بھیج دیا گیا۔

رابطہ کیے جانے پر وہاب ریاض کا کہنا تھا کہ وہ ویزہ ٹھیک کروا کر دوبارہ انگلینڈ جائیں گے۔ یاد رہے کہ وہاب ریاض لیگ کے اوپننگ سیزن میں آسٹریلیا کے نیتھن کورٹنائل کی جگہ ٹرینٹ راکٹس کے لیے ایکشن میں نظر آئیں گے۔ وہاب ریاض ساتھی قومی فاسٹ بائولر محمد عامر کے ساتھ لیگ میں کھیلنے والے دوسرے پاکستانی کی حیثیت سے شامل ہوں گے۔